1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرائن میں نئی امید، احتجاجی مظاہرے جاری

امجد علی12 دسمبر 2013

یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں اندازاً بیس ہزار افراد روس کے ساتھ اشتراکِ عمل کی مخالفت میں اور یورپ اور مغربی دنیا کے ساتھ زیادہ قریبی تعلقات کے حق میں مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1AXzN
تصویر: DW/R. Goncharenko

جہاں امریکا مظاہرین کی جانب بے رحمانہ طرزِ عمل روا رکھنے پر یوکرائن کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہا ہے، وہاں روس یوکرائن کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعرات کو قوم کے نام اپنے خطاب میں بحران زدہ سابق سوویت جمہوریہ یوکرائن کے ساتھ شراکت کے روسی عزم کا پُر زور اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس کسی کو مجبور نہیں کر ے گا لیکن اگر دوست ممالک اشتراکِ عمل کی خواہش رکھتے ہیں تو پھر روس بھی اس کے لیے تیار ہے۔

بارہ دسمبر کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے قوم کے نام اپنے خطاب کے دوران یوکرائن کو ایک بار پھر شراکت اور دوستی کی پیشکش کی
بارہ دسمبر کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے قوم کے نام اپنے خطاب کے دوران یوکرائن کو ایک بار پھر شراکت اور دوستی کی پیشکش کیتصویر: ALEXANDER NEMENOV/AFP/Getty Images

یوکرائن میں یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعلقات کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف اب تک ملکی سکیورٹی فورسز نے جس بے رحمانہ طریقے سے کارروائیاں کی ہیں، اُس پر امریکا یوکرائن کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی وزارتِ خارجہ کی خاتون ترجمان جَین ساکی کا کہنا تھا کہ پابندیوں سمیت تمام امکانات پر غور کیا جا رہا ہے تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان پابندیوں میں یوکرائن کے حکومتی نمائندوں کو ویزا دینے سے انکار یا اُن کے اثاثے منجمد کرنا شامل ہو سکتا ہے۔

یوکرائن کے صدر وکٹور یانُوکووِچ کے تقریباً پانچ ہزار مخالفین نے شدید سردی میں گزشتہ رات بھی شہر کے اُس مرکزی آزادی چوک میں گزاری، جسے میدان کہا جاتا ہے۔ سکیورٹی فورسز اپنی کل کی ایک سخت کارروائی کے بعد پیچھے ہَٹ گئی تھیں، جس کے بعد مظاہرین نے سڑکوں پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو مزید مضبوط بنا لیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے یوکرائن کے شہریوں کے احتجاج کرنے کے حق کا دفاع کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ میدان چوک میں مظاہرہ کرنے والے یورپ کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں ایسا کرنے کا حق حاصل ہے۔

کیتھرین ایشٹن گیارہ دسمبر کو کییف میں صدر وکٹور یانُوکووِچ کے ساتھ ملاقات کر رہی ہیں
کیتھرین ایشٹن گیارہ دسمبر کو کییف میں صدر وکٹور یانُوکووِچ کے ساتھ ملاقات کر رہی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اس تنازعے کا کوئی حل تلاش کرنے کے سلسلے میں یورپی یونین کی مندوب برائے امورِ خارجہ کیتھرین ایشٹن بھی دارالحکومت کییف میں تھیں۔ وہاں کی قیادت کے ساتھ اپنی بات چیت کے حوالے سے اُنہوں نے کہا، اُنہوں نے واضح کیا ہے کہ یورپی یونین اِن شہریوں کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتی ہے، جو اپنے پُر امن مظاہرے کرنے کے حق کو استعمال کر رہے ہیں۔ ایشٹن کے خیال میں غالباً صدر یانُوکووِچ تجارت اور تعاون کے اُس سمجھوتے پر دستخط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جسے اُنہوں نے گزشتہ مہینے مسترد کر دیا تھا۔

اسی دوران یورپی پارلیمان نے بھی یوکرائن کے مظاہرین کے خلاف پُر تشدد کارروائیوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ملکوں کو بھی یوکرائن کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر تبادلہء خیال کرنا چاہیے۔ اسی دوران یورپی پارلیمان نے اپنا ایک وفد کییف روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صدر یانُوکووِچ کو اپوزیشن اور مظاہرین کے ساتھ بات چیت کا قائل کیا جا سکے۔ آج یوکرائن کے کچھ حکومتی عہدیدار بھی یورپی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے برسلز پہنچ رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید