یورپی کمیشن کا صدارتی الیکشن: امیدواروں کا آخری مباحثہ
16 مئی 2014پہلے مباحثے کے انداز جیسا ماحول کل رات کی بحث میں بھی دیکھا گیا۔ یورپی کمیشن کے پانچوں امیدوار پالیسی معاملات پر ایک دوسرے پر الزام تھوپتے رہے۔ اس میں خاص طور پر میرکل حکومت کی وکالت میں یورپ بھر میں پیش کی جانے والی کفایت شعاری کی پالیسی پر خاص طور پر انگلیاں اٹھائی گئیں۔ اسی پالیسی کے اثرات کا اٹلی، یونان، اسپین، پرتگال اور آئرلینڈ کی عوام کو سامنا ہے۔
گزشتہ مباحثے میں شرکت نہ کرنے والے یونان کے بائیں بازو کے انتہا پسند سیاستدان الیکسِس تِپراس (Alex Tsipras) نے جمعرات کی رات ہونے والے مباحثے میں کئی دوسرے امیدواروں کو دفاعی پوزیشن لینے پر مجبور کر دیا۔ الیکسِس تِپراس نے اپنی گفتگو کے آغاز پر ہی بچتی پالیسیوں کو تباہ کُن قرار دیتے ہوئے یورپی لیڈران سے کہا کہ وہ قرضوں کے جنون اور خبط سے باہر نکلیں۔ اس کے جواب میں یورپی کمیشن کی صدارت کے قدامت پسند امیدوار ژاں کلُود ینکر نے تِپراس کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونان کے مفاد کے لیے کام کریں۔
تِپراس کی تنقید کے جواب میں بیلجیم سے تعلق رکھنے والے لبرل صدارتی امید وار گی فیرہوفشٹڈ نے یونانی سیاستدان کے اس نکتے کا قدرے مذاق اڑایا کہ جنوبی یورپی ممالک کے معاشی مسائل کی ذمہ دار یورپی یونین کی بینکنگ پالیسی ہے۔ فیرہوفشٹڈ کا کہنا تھا کہ یونان میں بینکاری کا نظام مسائل کا ذمہ دار نہیں بلکہ وہاں کی سیاسی جماعتوں کی کمزور اور خراب پالیسیاں ان گھمبیر معاملات کا باعث بنی ہیں۔ بیلجیم کے سیاستدان کا مزید کہنا تھا کہ مالیاتی نظم و ضبط سے ہی اقوام اور ممالک کی معاشی ترقی ممکن ہوتی ہے۔
یورپی کمیشن کے صدارتی الیکشن میں شریک اکلوتی خاتون اور جرمن سیاستدان فرانسِسکا کیلر کا کہنا تھا کہ بچتی اقدامات کے تسلسل سے یورپی یونین کی معاشی صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے اور تمام ریاستوں کو پائیدار معاشی معاملات کو آگے بڑھانا ہے تاکہ روزگار کے مواقع تواتر سے جنم لیتے رہیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے سبکدوش ہونے والے اسپیکر اور یورپی لیفٹ پارٹی کے امیدوار مارٹن شلس نے بھی یک طرفہ طور پر حکومتی اخراجات میں کمی کو ایک معاشی غلطی قرار دیا۔
جمعرات کی رات نشر ہونے والا مذاکرہ یورپی پارلیمنٹ کی عمارت سے پیش کیا گیا۔ اس کو کم از کم پچاس دوسرے ٹیلی وژن چینلز سے براہ راست نشر کیا گیا۔ کئی ریڈیو اسٹیشن اور ویب سائٹس بھی اس مذاکرے کی براہ راست کوریج کر رہے تھے۔ اس پروگرام کی ماڈریشن ایک اطالوی صحافی نے انگریزی زبان میں کی۔ مذاکرےمیں مارٹن شلس اور ژاں کلود ینکر کے علاوہ لبرل ALDE گروپ کے امیدوار گی فیرہوفشٹڈ (Guy Verhoftstadt) ، یورپی گرینز کی امیدوار فرانسِسکا کیلر اور یونانی سیاستدان الیکسِس تِپراس شریک ہوئے۔ مباحثے میں تمام امیدواروں کے درمیان بنیادی پالیسیوں پر اختلاف رائے سامنے آیا۔