1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس:نیوزی لینڈ کا جرمنی کو خراج تحسین

13 اپریل 2020

کورونا وائرس کی وجہ سے نیوزی لینڈمیں پھنس جانے والے جرمن شہریوں کی اپنے وطن واپسی مکمل ہوجانے کی خوشی میں آکلینڈ کے مشہور اسکائی ٹاور کو جرمن قومی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3aosa
Neuseeland Auckland Sky Tower
تصویر: Imago-Images/J. Kruse

نیوزی لینڈ سے آخری جرمن سیاح کے بھی بحفاظت اپنے وطن واپس ہوجانے کی خوشی میں خراج تحسین کے طور پر آکلینڈ میں واقع اسکائی ٹاور کو پیر 13 اپریل کی شام کو جرمنی کے قومی پرچم کے تینوں رنگوں سے روشن کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے اقدامات کے تحت لاک ڈاون کی وجہ سے تقریباً بارہ ہزار جرمن پھنس گئے تھے۔ ان تمام جرمن شہریوں کو وطن واپس بھیجنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیےگئے، جو اب مکمل ہوگیا ہے اور آخری جرمن شہری بھی اپنے وطن روانہ ہو گیا۔

جرمن۔ نیوزی لینڈ چیمبر آف کامرس نے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ”نیوزی لینڈ سے جرمنی کو واپس لے جانے والے آخری طیارے کی روانگی کے اعلان کے طور پر آکلینڈ کے اسکائی ٹاور کو سیاہ، سرخ اور سنہرے زرد رنگوں والی روشنیوں سے روشن کیا جائے گا۔"

لفتھانزا اے 380 کا طیارہ 357 پانچ سو جرمن شہریوں کو لے کر آکلینڈ سے فرینک فرٹ کے لیے روانہ ہورہا ہے۔ یہ طیارہ اظہار تشکر کی علامت کے طور پربندرگاہ کے اوپر سے ہوتے ہوئے اسکائی ٹاور کے قریب سے گزرے گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پوری دنیا میں نافذ لاک ڈاون اور سفری پابندیوں کی وجہ سے تقریباً دو لاکھ جرمن مختلف ملکوں میں پھنس گئے تھے۔ ان میں تقریباً بارہ ہزار نیوزی لینڈ میں تھے۔

Mallorca Coronavirus
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Margais

جرمن۔نیوزی لینڈچیمبر آف کامرس کے چیف ایگزیکیوٹیومانیک سرج نے کہا، ”جرمن شہریوں کو واپس بھیج کر ہمیں انتہائی اطمینان ہوا ہے اور ہم نے راحت کی سانس لی ہے۔"

روزانہ بارہ سو جرمن شہریوں کو نیوزی لینڈ سے جرمنی واپس بھیجنے کے لیے لفتھانزا کی چودہ اور ایر نیوزی لینڈ کی بارہ جہازوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔

ج ا/ ص ز

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید