1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چاقو حملوں میں ملوث عثمان خان سزا یافتہ تھا: لندن پولیس

30 نومبر 2019

لندن پولیس نے کہا ہے کہ جمعے کو لندن بِرج کے مقام پر شہریوں پر چاقو کے وار کرنے والا حملہ آور دہشتگری کے جرم میں جیل  کاٹ چکا تھا۔

https://p.dw.com/p/3U0Ty
تصویر: picture-alliance/PA Wire/E. Bowden

برطانوی حکام کے مطابق اٹھائیس سالہ حملہ آور عثمان خان کی پیدائش  لندن میں ہوئی اور وہ برطانوی شہری تھا۔ اس نے اپنی نوجوانی میں کچھ عرصہ پاکستان میں گزارا تھا، جہاں اطلاعات ہیں کہ اس کا رجحان مذہبی انتہا پسندی کی طرف ہو گیا تھا۔

اسے برطانیہ میں سن 2012 میں دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی تھی۔ عثمان خان کو  پچھلے سال ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

برطانوی اخبار ٹائمز کے مطابق اسے اس شرط پر رہائی ملی تھی کہ وہ الیکٹرانک ٹیگ پہنے رکھے گا تاکہ اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ 

London city skyline
تصویر: picture-alliance/empics/D. Lipinski

برطانوی پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ عثمان خان جیسا مجرم  جیل جانے کے بعد کیسے رہا ہوا اور  مبینہ تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی۔

لندن بِرج پر گزشتہ روز کے حملے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں دو خواتین اور ایک مرد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملے کے وقت ملزم نے اپنے جسم پر دھماکا خیز مواد کی جعلی جیکٹ پہن رکھی تھی۔  اسے بعد میں پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

  یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے، جب برطانیہ میں عام انتخابات میں دو ہفتوں سے بھی کم وقت بچا ہے۔

UK London nach Terrorattacke auf der London Bridge
تصویر: Reuters/S. Dawson