1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتھ ٹیسٹ بھی بھارت کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا

13 جنوری 2012

پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 149 رنز بنا لیے ہیں۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 161 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/13j40
تصویر: AP

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی سلسلے میں کھیلے جا رہے تیسرے میچ کے پہلے دن کی خاص بات ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری اور فاسٹ بولر ہیلفن ہاؤس کی عمدہ بولنگ رہی ہے۔ وارنر 104کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ اس سے قبل ہیلفن ہاؤس نے اٹھارہ اوورز میں چار بھارتی بلے باز آؤٹ کیے۔

پہلے دن کے اختتام پر بھارت کو اگرچہ بارہ رنز کی برتری حاصل ہے لیکن دن کے مجموعی کھیل کو دیکھتے ہوئے کرکٹ ناقدین نے کہا ہےکہ بھارتی کھلاڑیوں کے حوصلے ٹوٹ چکے ہیں۔ اس وقت وارنر کے ساتھ ان کے ساتھی اوپنر ایڈ کاوَن نے چالیس رنز بنا رکھے ہیں۔ جب آسٹریلوی بلے بازوں نے اپنی اننگز شروع کی تو انہوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور جلد سے جلد رنز بنانے کی کوئی کوشش ضائع نہ ہونے دی۔

ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سینچری میں تین چھکے اور تیرہ چوکے لگائے۔ انہوں نے گراؤنڈ کے اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے جبکہ دوسری طرف کاوَن نے محتاط انداز میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

Flash-Galerie Cricketspieler 2011 Sachin Tendulkar
سچن تندولکر اس مرتبہ بھی سنچیریوں کی سنچری بنانے میں ناکام رہےتصویر: AP

پرتھ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلار ک کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور بھارتی بلے باز مختصر وقفوں کے ساتھ اپنی وکٹیں کھوتے رہے۔ بھارتی بلے بازوں میں کامیاب ترین کھلاڑی ویراٹ کوہلی رہے، جنہوں نے اکتالیس رنز بنائے۔

وریندر سہواگ صفر، گوتم گھمبیر اکتیس، راہول ڈریورڈ 9 جبکہ لٹل ماسٹر سچن تندولکر پندرہ کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹے۔کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور بارہ کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ یوں بھارتی ٹیم پہلے دن صرف ساٹھ اعشاریہ دو اوورز میں 161 کا ٹوٹل بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ یہ بھارت کا اس سیریز میں کسی اننگز میں کم ترین اسکور ہے۔

آسٹریلوی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بن ہیلفن ہاؤس نے چار، رائن ہیرس نے ایک، مچل اسٹراک نے دو جبکہ پیٹر سِڈل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس وقت آسٹریلیا کو دو صفر سے برتری حاصل ہے۔ ناقدین کے بقول پرتھ ٹیسٹ بھی اب بھارت کے ہاتھوں سے نکل گیا ہے اور اگر بھارت نے اس ٹیسٹ میں واپس آنا ہے تو اسے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہو گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید