1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلاگ واچ : آسٹريليا ميں بھارتی کرکٹرزکی مایوس کن کارکردگی

10 جنوری 2012

مضبوط بيٹنگ لائن اپ کے باوجود آسٹريلوی وکٹوں پر ايک مرتبہ پھر ڈھير ہوتی بھارتی ٹيم ان دنوں بلاگرز کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/13hC9
تصویر: picture-alliance/ dpa

کرکٹ کا کھیل بھارت ميں ايک جنون کی حيثيت رکھتا ہے۔ يہی وجہ ہے کے ايک ارب سے زيادہ آبادی والے اس ملک ميں فتح کا مزہ جتنا ميٹھا ہوتا ہے، شکست اتنی ہی دل شکن ہوتی ہے۔ آسٹريليا ميں جاری سيريز کے دوسرے ٹيسٹ ميچ ميں اپنی ٹيم کی شرمناک شکست کے بعد بھارتی شائقين کرکٹ ميں ايک مرتبہ پھر غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سچن تندولکر ہو يا وريندرسہواگ، راہول ڈراوڈ ہو يا مہندر سنگھ دھونی، تمام کھلاڑی سخت تنقيد کی زد ميں ہيں۔ دوسری جانب سابق کھلاڑیوں اور ميڈيا کی جانب سے بھی تلخ بيانات اور رپورٹوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آسٹريليا ميں جاری سيريز روايتی ’ہو، ہا‘ کے ساتھ شروع ہوئی مگر پہلے ميچ ميں 122 رنز جبکہ دوسرے ميچ ميں ايک اننگز اور 68 رنز سے شکست کے بعد سب کچھ ٹھنڈا پڑ گيا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ شائقين اور کرکٹ کے پنڈت مزید مایوس کن نتائج کی توقع رکھتے ہيں۔ اس حوالے سے لوگ مختلف انٹرنيٹ ويب سائٹس اور بلاگز پر اپنے خيالات کا اظہار کر رہے ہيں۔ لکھنے والے بھارتی کرکٹ ٹيم کی حاليہ کارکردگی کو مختلف وجوہات اور تجزيات ميں تول رہے ہيں۔

سچن تندولکر اپنی وکٹ کھونے کے بعد
سچن تندولکر اپنی وکٹ کھونے کے بعدتصویر: AP

Times of India کے بلاگ پر اویجيت گھوش اپنے خيالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں اور خاص طور پر بڑے ناموں کو تنقيد کا نشانہ بناتے ہيں۔ ليکن ان کے مطابق اس شکست کے باوجود ٹيم میں تبدیلی کے معاملے يا کھيل کے نتائج پر کچھ فرق نہيں پڑے گا۔ اویجيت گھوش کے اس بلاگ پر يکے بعد ديگرے متعدد افراد نے اپنے خيالات کا اظہار کيا، جن کی ايک بڑی تعداد ان کے تجزيے سے متفق نظر آئی۔

ايک اور بلاگر سريش مينان لکھتے ہيں کہ بھارتی کرکٹ ميں تبديلی کی سخت ضرورت ہے اور يہ بات متعلقہ اداروں اور افراد کو تسليم کر لينی چاہيے۔ انہوں نے واضح کيا کہ Boxing Day 2007 سے اب تک بھارت سے باہر کھيلے گئے 27 ٹيسٹ ميچوں ميں بھارتی ٹيم صرف چار ہی ميچ جيت پائی ہے جبکہ 12 مرتبہ اسے شکست کا منہ ديکھنا پڑا ہے۔ سريش مينان کے مطابق شکست کی ايک بڑی وجہ بھارتی کھلاڑيوں ميں جسمانی قوت کی کمی ہے۔

بھارتی ٹيم کے سینئر کھلاڑی سخت تنقيد کا شکار
بھارتی ٹيم کے سینئر کھلاڑی سخت تنقيد کا شکارتصویر: AP

بابلی وجے کمار اپنے بلاگ ميں بھارتی ٹيم کی کم ہوتی ہوئی شان کی طرف اشارہ کرتے ہيں۔ ان کا ماننا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو بھی قصوروار ٹہرانا غلط نہ ہو گا، جو بھارتی کرکٹ کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو بچانے کے ليے کچھ نہيں کر پا رہا۔

گزشتہ سال انگلينڈ ميں شرمناک شکست سے دوچار ہونے اورٹيسٹ کرکٹ ميں عالمی نمبر ايک ٹيم ہونے کا اعزاز کھونے کے بعد بھی بھارتی ٹيم سخت تنقيد کا شکار رہی تھی اور اب آسٹريليا ميں اس کی اب تک کی کارکردگی کو ديکھا جائے تو تجزيہ کاروں اور کرکٹ کے بھارتی شائقین کی نااميدی کا سبب بھی سمجھ ميں آتا ہے۔ اب سوال يہ ہے کہ آيا ٹيم کے ستارے، جن ميں تندولکر، سہواگ، ڈراوڈ، لکشمن اور دھونی جيسے کھلاڑی شامل ہيں، اس سيريز کی باقی ميچوں میں کچھ کر پائيں گے؟

رپورٹ: عاصم سلیم

ادارت: امتیاز احمد