1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیکنالوجی کمپنی سیم سنگ الیکٹرانکس یونین کی پہلی ہڑتال

29 مئی 2024

جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سیم سنگ الیکٹرانکس کے ہزاروں ملازمین کی نمائندگی کرنے والی یونین نے ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تقریبا ًپانچ دہائی قبل کمپنی کے قیام کے بعد سے ملازمین کی یہ پہلی ہڑتال کی کال ہے۔

https://p.dw.com/p/4gOu4
سیم سنگ
اگر یہ ہڑتال مزید آگے بڑھتی ہے، تو یہ جنوبی کوریائی ٹیک کمپنی کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا واک آؤٹ ہو گاتصویر: Ahn Young-joon/AP/picture alliance

نیشنل سیم سنگ الیکٹرانکس یونین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تمام ارکان سے یہ کہے گی کہ سات جون کے روز اپنی پیڈ چھٹی استعمال کر کے ایک روز کا احتجاج درج کرائیں۔ یونین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں مستقبل میں مکمل طور پر ہڑتال کرنے کو بھی مسترد نہیں کیا ہے۔

خبردار ! سیم سنگ ٹی وی آپ کی ذاتی گفتگو بھی سن سکتے ہیں

یونین کا کہنا ہے کہ اس کے تقریباً 28,000 اراکین ہیں، جو کمپنی کی کل افرادی قوت کے پانچویں حصے سے بھی زیادہ ہیں۔

چین کے لیے سینکڑوں ملین ڈالر کے کمپنی رازوں کی چوری، سام سنگ کے سابق ایگزیکٹیو پر فرد جرم عائد

ادھر کمپنی سیم سنگ الیکٹرانکس کا کہنا ہے کہ وہ یونین کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھے گی۔

مزدور یونین نے کیا کہا؟

یونین کے صدر سون وو موک نے لائیو نشر ہونے والی نیوز کانفرنس کے دوران کہا، ''ہم مزدور یونینوں کے خلاف مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کر سکتے۔ کمپنی کی طرف سے مزدوروں کو نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے ہم ہڑتال کا اعلان کر رہے ہیں۔''

جنوبی کوریا: مالی جرائم کے قصوروار سام سنگ کے مالک کو معافی مل گئی

ان کا مزید کہنا تھا، ''اب سے تمام اجتماعی کارروائی کی ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوتی ہے۔ ہم اب تک اپنی پرامن جدوجہد میں کمپنی کی نظر اندازی اور مداخلت کے پیش نظر اپنے موقف کا اعلان کر رہے ہیں۔''

سام سنگ سربراہ کے وارثوں پر وراثت ٹیکس گیارہ ارب امریکی ڈالر

اگر یہ ہڑتال مزید آگے بڑھتی ہے، تو یہ جنوبی کوریائی ٹیک کمپنی کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا واک آؤٹ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ''کمپنی ہماری بات نہیں سن رہی ہے اور وہ ہمارے آخری مذاکراتی سیشن کے بعد سے بات چیت نہیں کر رہے ہیں۔''

ادھر کمپنی کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ''سیم سنگ لیبر یونین کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گی جیسا کہ یہ ہوتا رہا ہے۔''

ایپل اور دیگر کمپنیاں فون کی مرمت کو مشکل کیوں بنا رہی ہیں؟

واضح رہے کہ سیم سنگ الیکٹرانکس کی انتظامیہ رواں برس کے آغاز سے ہی اجرت کے معاملے پر یونین کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، تاہم فریقین اس حوالے سے اب تک کوئی معاہدہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

یونین نے تنخواہوں میں 6.5 فیصد اضافے اور کمپنی کی کمائی میں بونس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'سیم سنگ الیکٹرانکس' میموری چپس، اسمارٹ فونز اور ٹیلیویژن بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔

سپلائی چین متاثر ہونے کا خطرہ

تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ یونین کی مکمل ہڑتال کے سبب کمپنی کی کمپیوٹر چپ کی تیاری کا کام متاثر ہو سکتا ہے اور اگر ایسا ہوا تو الیکٹرانکس اشیاء کی عالمی سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے۔

سیم سنگ الیکٹرانکس جنوبی کوریائی کمپنی سیم سنگ گروپ کی فلیگ شپ یونٹ ہے، جو ایک خاندان کے کنٹرول والی ملک کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ ایک طرح سے یہ کمپنی ایشیا کی چوتھی بڑی معیشت پر حاوی ہے۔

سیم سنگ گروپ سن 2020 تک مزدور یونینوں کو اپنے کارکنوں کی نمائندگی کرنے کی اجازت نہ دینے کے لیے معروف تھا، پھر اسی دوران کمپنی کے چیئرمین کے خلاف مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور رشوت ستانی کے الزام عائد کیے گئے اور ان پر مقدمہ چلا، جس کے بعد کمپنی شدید حکومتی جانچ کی زد میں آئی۔

اس ہڑتال کے اعلان کے بعد سیول میں سیم سنگ الیکٹرانکس کے حصص تقریباً 1.8 فیصد کی گرواٹ درج کی گئی ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، نیوز ایجنسیاں)

سامسنگ کو دنیا کی بڑی ٹیک کمپنی بنانے والا شخص - لی کُن ہی