1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوکیو اولمپک ٹارچ ریلے شروع ہو گئی

25 مارچ 2021

ٹوکیو اولمپک کے منتظمین کو امید ہے کہ اولمپک ٹارچ ریلے سے اس ملتوی شدہ اہم اسپورٹس مقابلے کے حق میں رائے عامہ ہموار ہوسکے گی۔

https://p.dw.com/p/3r5aG
Japan Tokio | Olympische Spiele Start Fackellauf
تصویر: Kim Kyung-Hoon/Pool Reuters/AP/picture alliance

 جمعرات 25 مارچ کو فوکو شیما سے اولمپک ٹارچ ریلے کا آغاز ہوا جو چار ماہ تک مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچے گی، جہاں اولمپک کھیل مقررہ وقت کے بجائے اب تاخیر سے شروع ہوں گے۔

اس ٹارچ ریلے کو اولمپک کھیلوں اور ان کی مقبولیت کے لیے ایک امتحان بھی سمجھا جا رہا ہے جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے ایک سال کے لیے ملتوی کر دیے گئے تھے۔

Japan Start olympischer Fackellauf
تصویر: Du Xiaoyi/REUTERS

عوامی شرکت نہیں

مشعل روشن کرنے کی تقریب فوکو شیما میں جے گاوں میں منعقد کی گئی۔ کوئی ایک عشرے قبل ایک زبردست سونامی نے یہاں تباہی مچادی تھی جس میں تقریباً بیس ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے اور فوکو شیما کا دائچی جوہری پاور پلانٹ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

اولمپک ٹارچ لے کر دوڑنے والی پہلی کھلاڑی آزوسا ایواشی میزو تھیں۔ وہ سن 2011 میں خواتین کی فٹ بال عالمی کپ جیتنے والی جاپانی ٹیم کی ایک اہم کھلاڑی ہیں۔

 

کووڈ انیس کی وجہ سے ٹارچ ریلے کی افتتاحی تقریب میں عوام کو شرکت کی اجازت نہیں تھی تاہم اسے براہ راست نشر کیا گیا۔ البتہ اس موقع پر چند مختصر ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ ان میں ڈرم کنسرٹ اور فوکو شیما کے رہائشیوں کے ایک گروپ کے ذریعہ رقص اور بچوں کے نغمے شامل تھے۔

Japan Tokio | Olympische Spiele Start Fackellauf
تصویر: Kim Kyung-Hoon/Pool Reuters/AP/picture alliance

پھولوں سے سجے ہوئے اسٹیج پر چند عہدیدار اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔ اسٹیج کو جاپان کے روایتی ایکے بانا تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے سجایا گیا تھا۔

ٹوکیو 2020 کے صدر سیئکو ہاشی موتو نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا”گزشتہ ایک برس سے پوری دنیا ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ اولمپک مشعل خاموشی سے لیکن پوری طاقت سے جلتی رہی۔"

جاپانی وزیر اعظم یوشی ہاڈی سوگا نے ٹوکیو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت اولمپک کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔

سوگا نے کہا”ہم کورونا وائرس کے مد نظر تمام ضروری اقدامات کریں گے اور اس وبا کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کام کرتے رہیں گے اور ان کھیلوں کو محفوظ اور مامون بنائیں گے۔"

Japan Tokio | Olympische Spiele Start Fackellauf
تصویر: Philip Fong/Pool AFP/AP/picture alliance

اولمپک مشعل اب کہاں جائے گی؟

اولمپک ٹارچ کو سب سے پہلے سونامی سے متاثرہ علاقوں میں لے جایا جائے گا۔

 یہ مجموعی طور پر جاپان کے 47 علاقوں سے گزرے گی اور اس میں تقریباً دس ہزار ایتھلیٹ حصہ لیں گے۔ یہ پورا مرحلہ 121 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔

لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اولمپک ٹارچ کا خیرمقدم کرنے کے دوران ماسک ضروری پہنیں اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کریں۔

مقامی منتظمین اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کو امید ہے کہ ٹارچ ریلے سے اولمپک کے حق میں جاپان میں رائے عامہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔

عوامی جائزوں کے مطابق کورونا وائرس کے مد نظر عوام کی اکثریت اولمپک کے انعقاد کے خلاف ہے۔ لوگ اس کے انعقاد پر ہونے والے 15.4 ارب ڈالر کے خرچ کی وجہ سے بھی اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں