کوروناوائرس: ٹوکیو اولمپک 2020 ملتوی ہونے کا خدشہ
23 مارچ 2020
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کینیڈا نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے ٹوکیو اولمپک مقابلوں کو آئندہ ایک برس تک کے لیے ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ کینیڈا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے وہ ٹوکیو اولمپکس میں اپنے کھلاڑی نہیں بھیجے گا۔ اوٹاوا حکام کا کہنا ہے کہ کووڈ۔ انیس کی وباء کے خطرات کے پیش نظر وہ اپنے کھلاڑی اولمپک مقابلوں میں شرکت کے لیے نہیں بھیج سکتے۔
کینیڈا کی اولمپک کمیٹی کے حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’اس وقت صحت کا شعبہ عالمی سطح پر بحرانی صورتحال سے گزر رہا ہے اور یہ کھیل سے کہیں زیادہ اہم ہے۔‘‘
کینیڈین اولمپک کمیٹی نے کا کہنا ہے،’’یہ صرف کھلاڑیوں کی صحت کا سوال نہیں بلکہ صحت عامہ کا معاملہ ہے۔ کووڈ۔ انیس سے لاحق خطرات کے تناظر میں نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ان کے اہل خانہ اور مجموعی طور پر کینیڈا کے سبھی شہریوں کے لیے یہ محفوظ نہیں ہو گا کہ کھلاڑی اس میں شرکت کے لیے کھیل کی تربیت جاری رکھیں۔‘‘
آسٹریلیا کی اولمپک کمیٹی نے بھی کینیڈا کے موقف کی تائید کی ہے اور اپنے کھلاڑیوں سے 2020 ء کے بجائے آئندہ برس کے لیے تربیت اور تیاری جاری رکھنے کا کہا ہے۔ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا،’’یہ بات واضح ہے کہ کورونا وائرس کے بحران کے دوران اس برس تو کھیل جاری نہیں رہ سکتے ہیں۔‘‘
جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس عالمی وبا کی صورت اختیار کر گیا ہے اور ایسی صورت میں ٹوکیو اولمپک کو ملتوی کرنا ’’ناگزیر بھی ہو سکتا ہے۔‘‘ شینزو آبے نے جاپانی پارلیمان کو بتایا کہ جاپان اب بھی کھیلوں کو پوری طرح سے مکمل کرنے کے لیے پر عزم ہے اور اولمپک کی منسوخی کوئی متبادل نہیں ہے۔
اس برس 24 جولائی کو ٹوکیو اولمپکس کا آغاز ہونا ہے لیکن کئی بین الاقوامی اداروں نے اسے یہ کہہ کر مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے کھلاڑیوں کی تربیت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
لیکن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کا کہنا ہے کہ کھیل کو ملتوی کیا جائے یا نہیں اس بارے میں وہ صلاح و مشورہ کرنے کے بعد آئندہ چند ہفتوں میں فیصلہ کرے گی۔ ماہرین کے مطابق گرچہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم دنیا جس بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی وبا سے دوچار ہے، ایسا لگتا ہے کہ اولمپک کھیل اس برس نہیں ہو پائیں گے۔
ص ز / ج ا (ایجنسیاں)