1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواب شاہ: ہزارہ ایکسپریس حادثہ، کم از کم 15 ہلاکتیں

6 اگست 2023

پاکستان میں اتوار چھ اگست کو ایک ٹرین کے پٹڑی سے اتر جانے کے حادثے میں کم از کم پندرہ افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ملک کے ریلوے کے وزیر نے اس حادثے کو بہت بڑا حادثہ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4UpV3
Pakistan Bevölkerung
تصویر: picture alliance/ Zumapress

پاکستان کے ریلوے امور کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتوار کو جنوبی صوبے سندھ کے شہر نواب شاہ میں رونما ہونے والے اس حادثے کو ایک بڑا حادثہ  قرار دیا ہے۔ مسافر ٹرین کے پٹڑی سے اتر جانے کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثے میں اب تک کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ریلوے امور کے وزیر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا‍، ''یہ کافی بڑا حادثہ ہے۔ ریکسیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چُکی ہیں اور کم از کم 15 مسافر جان‍بحق اور 45 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

مقامی میڈیا سے ملنے والی معلومات کے مطابق یہ ٹرین حادثہ نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کراچی سے پنڈی کی طرف رواں تھی۔ ہزارہ ایکسپریس نامی اس ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔

پاکستان: ٹرین سروس دوبارہ شروع کرنے کی تیاری جاری

ریسیکو ٹیمیں اور پولیس فوری طور سے جائے حادثہ  پہنچیں اور زخموں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریلوے کے ایک اہلکار محسن سیال نے ہم نیوز کو ‍بتایا، ''ہزارہ ایکسپریس کراچی سے ایبٹ آباد جا رہی تھی کہ اس کی  آٹھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔‘‘ ریلوے کے ایک صوبائی اہلکار اعجاز شاہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ متعدد مسافر ہلاک ہو گئے ہیں اور ایک امدادی ٹرین کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

2021 ء میں ڈھرکی کے قریب دو ٹرینوں کے ٹکرانے کا حادثہ
2021 ء میں سندھ میں ڈھرکی کے قریب دو ٹرینوں کا تصادم تصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images

مقامی میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں کچھ لوگ ٹوٹی ہوئی کھڑکیوں کے ذریعےٹرین میں داخل ہو کر  مسافروں کو بوگیوں سے باہر نکلنے میں مدد کرتے دکھائی دیے۔

 پاکستان کے قدیم ریلوے نظام کو اکثر و بیشتر حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے یا دو ریل گاڑیوں کے تصادم کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔

 جون 2021ء میں سندھ میں ڈھرکی کے قریب دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں جس کے نتیجے میں کم از کم 65 افراد ہلاک اور 150 کے قریب زخمی ہوئے۔

ٹنڈو آدم کا آدم، جس نے ریلوے اسٹیشن کو باغ بنا دیا

اکتوبر 2019ء میں تیزگام ایکسپریس ٹرین میں آگ لگنے سے کم از کم 75 مسافر جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے جبکہ گھوٹکی میں 2005ء میں دو ٹرینوں کے تصادم میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس ٹرین حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نواب شاہ حکام کو مسافروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ک م/ ا ب ا(اے ایف پی)