1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منصور اعجاز کی ویڈیو نے نئی بحث چھیڑ دی

19 جنوری 2012

میمو گیٹ اسکینڈل کے اہم کردار منصور اعجاز کو ایک عریاں ریسلنگ مقابلے میں کمنٹری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو نے منصور اعجاز کے کردار اور خفیہ مراسلے کے معاملے میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13llL
تصویر: youtube.com

فلوریڈا میں مقیم پاکستانی نژاد منصور اعجاز کی یہ ویڈیو 2004ء میں ریکارڈ کی گئی تھی اور 2009ء سے یو ٹیوب پر دستیاب ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ چونکہ منصور اعجاز پاکستان جاکر عدالت عظمیٰ میں پاکستانی حکومت کے خلاف اہم ثبوت پیش کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں اسی لیے یہ ویڈیو پاکستانی ناظرین کی توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔ بنیادی طور پر یہ اطالوی پروڈیوسر جونیئر جیک کی میوزک ویڈیو ہے، جس میں دو خواتین ریسلنگ رِنگ میں لڑ رہی ہیں۔

منصور اعجاز کا کہنا ہے کہ انہیں علم نہیں تھا کہ اس ویڈیو کے آخر میں دونوں خواتین مکمل طور پر عریاں ہوجائیں گی۔ منصور اعجاز کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو برسلز میں ریکارڈ کی گئی تھی اور پروڈیوسر کو امریکی تلفظ والا شخص نہیں مل رہا تھا۔ منصور اعجاز نے جان کو لاحق خطرے کے سبب اپنی مقامیت خفیہ رکھتے ہوئے خبر رساں ادارے اے پی سے ٹیلی فون پر کی گئی گفتگو میں یہ بات کہی۔

Pakistan Asif Ali Zardari
صدر زرداری پر میمو لکھنے کا الزام ہےتصویر: AP

ان کا کہنا ہے کہ وہ اُس وقت موجود نہیں تھے، جب خواتین مکمل عریاں ہوجاتی ہیں البتہ ان کی بیوی ریکارڈنگ کے تمام مراحل میں موجود رہیں۔ منصور اعجاز نے اے پی کو 2004ء کی وہ ای میلز فراہم کی ہیں، جن میں انہوں نے ویڈیو کے پروڈیوسر کو قانون چارہ جوئی کی دھمکی دی تھی۔

منصور اعجاز کے متعلق کہا جاتا ہے کہ ان کے امریکی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔ وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکہ کے لیے پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ایک خط امریکی حکام تک پہنچایا تھا، جس میں ممکنہ فوجی مداخلت سے بچنے کے لیے واشنگٹن سے مدد طلب کی گئی تھی۔

Pakistan Ashfaq Parvez Kayani
فوجی سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور انٹیلی جنس چیف لیفٹننٹ جنرل احمد شجاع پاشاتصویر: dapd

یہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان کے اندر القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے زمانے کی بات ہے۔ حقانی عدالت میں پیش ہوکر اس الزام کو مسترد کر چکے ہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق منصور اعجاز پاکستان کے فوجی اڈے پر اتریں گے، جہاں سے انہیں سلامتی کے حصار میں عدالت عظمیٰ تک لایا جائے گا۔ پاکستان میں ان کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت ان کے مؤکل کی پاکستان آمد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ اے پی نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ پاکستان کی فوجی قیادت صدر زرداری پر بھروسہ نہیں کرتی اور میمو گیٹ اسکینڈل ان کی حکومت کو لاحق واحد خطرہ نہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں