1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملائیشیا کا کنگ کون؟

24 جنوری 2019

وسطی پاہنگ ریاست سے تعلق رکھنے والے ولی عہد سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ کو ملائیشیا کا نیا بادشاہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ آج جمعرات 24 جنوری کو شاہی خاندان کے ایک اجلاس کے بعد ہوا۔

https://p.dw.com/p/3C5WN
König Sultan Mohammed V. Malaysia
تصویر: picture-alliance/dpa/C. voon Chung

اس سے قبل غیرمتوقع طور پر ملائیشیا کے بادشاہ سلطان محمد پنجم نے بادشاہت چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔ وہ فقط دو برس قبل تخت نشیں ہوئے تھے۔ ملائیشیا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی بادشاہ نے مسند سے کنارہ کیا۔ ان کی جانب سے استعفیٰ پچیس سالہ روسی حسینہ سے مبینہ شادی کی خبروں کے بعد سامنے آیا۔ گزشتہ برس کے آخر میں میڈیا پر اس شادی کی بابت رپورٹنگ ہوئی تھی۔

’لو افیئر یا کچھ اور‘، ملائیشیا کے بادشاہ نے تخت چھوڑ دیا

پاکستان ملائیشیا کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، عمران خان

مہرِ بادشاہت کے محافظ دانیال سید احمد کی جانب سے ایک باقاعدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سلطان عبداللہ کو سولہواں ’یانگ ڈی پیرتوان آگونگ‘ یعنی بادشاہ منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ پانچ برس تک تخت نشین رہیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ سلطان عبداللہ کی تاج پوشی 31 جنوری کو ہو گی۔ 59 سالہ بادشاہ ایتھلیٹکس میں دلچپسی رکھتے ہیں اور کھیلوں کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں، جس میں فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ ملائیشیا میں بادشاہت کا ایک منفرد نظام قائم ہیں، جس میں ملک کے نو نسلی علاقوں میں پانچ پانچ برس کی مدت کے لیے بادشاہت سونپی جاتی ہے۔ پاہانگ علاقے سے تعلق رکھنے والے سلطان عبداللہ پندرہ جنوری کو اپنے والد کے عہدہ چھوڑنے کے بعد ولی عہد بن گئے تھے۔

گو کہ ملائیشیا میں اختیارات کے اعتبار سے بادشاہ کا عہدہ فقط رسمی ہے، تاہم ملک میں بادشاہ کی بے حد عزت کی جاتی ہے اور بادشاہ پر کسی بھی قسم کی تنقید پر سخت پابندی ہے۔

ناتالیا ایلس میولر، ع ت، الف ب الف