1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بُک کا کمال: کینسر ہسپتال کے لیے پانچ کروڑ کا عطیہ جمع

عنبرین فاطمہ، کراچی5 جون 2015

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بالخصوص فیس بک لوگوں کے مابین رابطوں اور نیٹ ورکنگ کا سب سے مؤثر ذریعہ بھی ہےاور کئی لوگ اسے کاروباری فائدوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں تاہم کراچی کی ایک خاتون نے تو کمال ہی کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FcLV
Children Charity Hospital
کراچی کے ’چلڈرن کینسر ہسپتال‘ کے لیے اس فیس بُک پیج کی مدد سے پانچ ملین روپے جمع کیے گئے ہیںتصویر: Children Charity Hospital

فیس بُک پر ایسے پیج بھی نظر سے گزرتے ہیں، جو محض نیٹ ورکنگ یا کاروبار کی بجائے دنیا بھر میں 1.5 بلین صارفین کے حامل اس نیٹ ورک کو لوگوں میں شعور پیدا کرنے، بھلائی کے مقاصد یا پھر کسی خاص نصب العین کو اجاگر کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی شمائلہ فاروقی ایک ایسا پیج مینیج کرتی ہیں، جو ان تینوں کاموں کو بیک وقت انجام دیتے ہوئے کینسر سے متاثرہ بچوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔

N.M.N and Co کے نام سے فیس بک کا یہ پیج بظاہر آن لائن خرید و فروخت کا پیج نظر آتا ہے لیکن اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر اشیاء کی فروخت سے جتنی بھی رقم حاصل ہوتی ہے، وہ ساری کی ساری بچوں میں کینسر کا علاج کرنے والے ادارے ’چلڈرن کینسر ہسپتال کراچی‘ کو عطیہ کر دی جاتی ہے۔

Children Charity Hospital
اشیاء کی آن لائن فروخت سے حاصل شُدہ ساری کی ساری رقم بچوں میں کینسر کا علاج کرنے والے ادارے ’چلڈرن کینسر ہسپتال کراچی‘ کو عطیہ کر دی جاتی ہےتصویر: Children Charity Hospital

N.M.N and Co کا قیام کس طرح عمل میں آیا اور یہ پیج کس طرح اس کینسر ہسپتال کو مدد فراہم کر رہا ہے اس بارے میں شمائلہ فاروقی بتاتی ہیں:’’2011ء کی بات ہے، جب میرے 13 سالہ بیٹے ارسل میں پٹھوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ اس کے علاج کے دوران ہم نے سوچا کہ جب بیٹے کو شفا مل جائے گی تو ہم کینسر سے متاثرہ دوسرے بچوں کی مدد کے لیے کوئی کام شروع کریں گے۔ ہم نے دوران علاج فیصلہ کیا کہ ہم اس مرض میں مبتلا ضرورت مند بچوں کے لیے عطیات جمع کریں گے کیونکہ اس کا علاج بہت زیادہ مہنگا ہے۔‘‘

شمائلہ فاروقی کے مطابق اس کے لیے انہوں نے فیس بک کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا:’’ہمیں ایک ایسا پیج بنانے کا خیال آیا، جس پر ہم مختلف چیزیں فروخت کریں اور اس سے ملنے والا صرف منافع ہی نہیں بلکہ جس چیز کی جتنی قیمت ہو گی، وہ تمام پیسہ ہم چلڈرن کینسر ہسپتال یا کینسر میں مبتلا ضرورت مند بچوں کو عطیہ کر دیں گے۔ اسی سوچ کے تحت ہم نے N.M.N and Co کا آغاز کیا۔‘‘

اس پیج پر زیادہ تر زیورات اور دیگر اَشیاء فروخت کے لیے پیش کی جاتی ہیں، جن کی خریداری شمائلہ خود کرتی ہیں: ’’ہم اس کام کے لیے کسی سے عطیہ نہیں لیتے۔ یعنی ہم کسی سے یہ نہیں کہتے کہ وہ ہمیں فروخت کے لیے اپنی کوئی چیز بھیجے۔ ہم فی الحال کوئی سیکنڈ ہینڈ چیز بھی فروخت نہیں کرتے۔ اس پر جتنا بھی کام ہے، ہم وہ خود انجام دیتے ہیں۔ میں جب بھی ملک کے اندر یا بیرون ملک سفر کرتی ہوں، وہاں سے خود اچھی کوالٹی کی چیزیں خرید کر لاتی ہوں اور اس کی پیکنگ سے لے کر ترسیل تک ہر کام میں اپنے گھر سے ہی انجام دیتی ہوں، جس میں میرے شوہر اور گھریلو ملازمین اور کچھ دوست مدد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم میری بہن بھی وہاں سے سامان فروخت کے لیے بھیجتی ہیں۔ N.M.N and Co مکمل طور پر سیلف فنڈڈ پیج ہے۔‘‘

Children Charity Hospital
’ہم نے اپنے سرطان سے متاثرہ بچے کے علاج کے دوران فیصلہ کیا کہ ہم اس مرض میں مبتلا ضرورت مند بچوں کے لیے عطیات جمع کریں گے‘تصویر: Children Charity Hospital

شمائلہ کے مطابق پانچ برس قبل شروع ہونے والے اس پیج کے ذریعے اب تک پچاس ملین روپے چلڈرن کینسر ہسپتال کو عطیہ کیے جا چکے ہیں:’’اس پیج کو شروع کرنے کے بعد ہمیں بہت اچھا رسپانس ملا، جس کی وجہ سے ہم نے بڑی تعداد میں فنڈز کا انتظام کیا۔ تاہم کچھ عرصہ قبل مجھے بھی کینسر تشخیص ہوا، جس کے علاج میں مصروفیت کے باعث اس پیج کی دیکھ بھال نہیں کر سکی اور یہ پیج بند کر دیا تھا۔ اب اپنی طبیعت میں بہتری کے بعد اس پیج کو ایک بار پھر شروع کیا ہے اور اب تک اس کو پندرہ ہزار افراد جوائن کر چکے ہیں۔‘‘

N.M.N and Co کے ذریعے ملک کے کسی بھی حصے سے آن لائن آرڈر کے ذریعے خریداری کی جا سکتی ہے تاہم بیرون ملک بسنے والوں کے لیے یہ سہولت فی الحال دستیاب نہیں ہے۔

شمائلہ فاروقی کہتی ہیں کہ اس کام کو کرنے کا مقصد اپنے لیے کوئی منافع یا شہرت حاصل کرنا نہیں بلکہ یہ ایک کوشش ہے کہ لوگوں کی توجہ چلڈرن کینسر ہسپتال اور وہاں علاج کے لیے جانے والے ایسے مستحق بچوں کی جانب دلائی جائے، جو مضبوط مالی پس منظرنہیں رکھتے اور جس کے باعث ان میں کینسر کے علاج معالجے کے بھاری اخراجات اٹھانے کے استعداد نہیں ہوتی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید