1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سستا تیل بھی کتنی بڑی مجبوری، بیلاروس کا روس میں ادغام ممکن

14 فروری 2020

ماسکو نے اشارہ دیا ہے کہ سستے تیل کی فراہمی کے ایک معاہدے کے بدلے کالعدم سوویت یونین کی ریاست اور مشرقی یورپ کا خود مختار ملک بیلاروس روس کے ساتھ اپنا ریاستی ادغام کرتے ہوئے ایک نئی متحدہ ریاست میں شامل ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3Xm2Z
روسی صدر پوٹن، دائیں، بیلاروس کے صدر لوکاشینکو کے ساتھتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Klimentyev

بیلاروس کو سفید روس بھی کہا جاتا ہے اور اس کے دارالحکومت منسک سے جمعہ چودہ فروری کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق اس امکان کی تصدیق آج بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے بھی کر دی۔ دو مختلف ممالک کے طور پر روس اور بیلاروس کے ریاستی ادغام کی صورت میں یہ دونوں ایک نئی اور جغرافیائی طور پر مزید بڑی متحدہ ریاست کا حصہ بن جائیں گے۔

اس امکان کے حقیقت کا روپ دھار لینے میں فیصلہ کن بات سفید روس کو کم نرخوں پر توانائی کے روسی ذرائع کی فراہمی کا وہ معاہدہ ہو گا، جس کو حتمی شکل دینے کے لیے ماسکو تیار ہے۔

جدید عالمی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ

اگر ایسا ہو گیا تو جدید عالمی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ ہو گا، جس میں کوئی ملک اپنے لیے توانائی کے سستے ذرائع کے حصول کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے علیحدہ ریاستی وجود اور خود مختاری کو ہی ترک کر دینے پر تیار ہو جائے گا۔

ماسکو اور منسک کے مابین اس بارے میں مذاکرات کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ یہ دونوں ملک گزشتہ تقریباﹰ 20 برسوں سے ان امکانات کا جائزہ لیتے چلے آ رہے ہیں کہ وہ آپس میں مل کر اور وسیع تر ریاستی انضام کے نتیجے میں ایک نئی متحدہ ریاست قائم کر لیں۔ اب تک ماسکو اور منسک کے مابین اس سلسلے میں جن چند کلیدی نکات پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا، ان میں ممکنہ کرنسی اتحاد بھی شامل ہے۔

اسی سلسلے میں گزشتہ ہفتے روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے مابین ایک اور ملاقات بھی ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین سال رواں کے دوران روس کی طرف سے سفید روس کو تیل اور گیس کی فراہمی کے ایک نئے معاہدے پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا تھا۔

بیلاروس 'آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ‘ کا رکن بھی

پوٹن اور لوکاشینکو کے مابین سات فروری کو ہونے والی ملاقات کے بعد روس کے اول نائب وزیر اعظم دیمیتری کرُوٹوئے کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بیلاروس کے سرکاری خبر رداں ادارے بَیلٹا نے بتایا تھا کہ بیلاروس کی تیل صاف کرنے والی تنصیبات کو روسی خام تیل آئندہ عالمی منڈیوں میں ادا کی جانے والی قیمتوں پر ہی مہیا کیا جائے گا۔

اب لیکن سستی قیمت پر بیلاروس کے لیے روسی تیل کی فراہمی کے معاہدے کے بدلے روس اور سفید روس کے ممکنہ ریاستی ادغام سے متعلق رپورٹیں اس بات کا اشارہ ہیں کہ اس موضوع پر پس پردہ کوئی نئی اور بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

سرکاری طور پر جمہوریہ بیلاروس کہلانے والا یہ ملک سابق سوویت یونین کے خاتمے کے بعد وجود میں آنے والی ریاستوں کی ماسکو کے زیر اثر قائم کردہ 'آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ‘ یا سی آئی ایس کا ایک مکمل رکن بھی ہے۔

م م / ع ح (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں