سابق وزیر اعظم عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے
21 دسمبر 2023پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق گوہر خان نے بدھ کے روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کو ان کے کاغذات نامزدگی آج (جمعرات) کو فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "خان صاحب انشاء اللہ یہ انتخابات لڑیں گے۔"
پاکستان الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمعہ 22 دسمبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔
پاکستان:عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانا شروع
سابق کرکٹر سے سیاست داں بننے والے 71 سالہ عمران خان کو اسلام آباد کی ایک ٹرائل کورٹ نے پاکستان الیکشن کمیشن کی طرف سے دائر توشہ خانہ بدعنوانی کیس میں پانچ اگست کو مجرم قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کا مطلب ہے کہ وہ پانچ سال کے لیے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ سے جلد فیصلہ آنے کی امید
ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے چند روز بعد ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی تین سال کی سزا معطل کردی تھی لیکن وہ اب بھی دیگر مقدمات میں جیل میں ہیں، جن میں سے کچھ مقدمات بند دروازوں کے پیچھے جیل میں چلائے جارہے ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جیل ٹرائل کسی بھی ملزم کے منصفانہ عدالتی کارروائی کے حق کی خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان گزشتہ سال پارلیمنٹ سے عدم اعتماد کے ووٹ میں برطرف کیے جانے کے بعد سے ایک سیاسی بحران کا شکار ہیں۔
عمران خان پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد، میڈیا رپورٹس
اس دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر علی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کو چیلنج کرنے والی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ اپنا فیصلہ جاری کرنے کے لیے تیا ر ہے۔
ظفر علی نے کہا، "ہمیں امید ہے کہ فیصلہ جلد سنایا جائے گا کیونکہ انتخابات کا شیڈول جاری ہوچکا ہے۔"
انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کم از کم تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔
'کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں'، پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نو منتخب چیئرمین گوہر خان نے کہا کہ پارٹی ہر قیمت پر آٹھ فروری کو انتخابات کروانا چاہتی ہے۔ انہوں نے تاہم زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مقابلے کے لیے یکساں مواقع اور میدان فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس پر بارہا زور دیتی رہی ہے۔
کیا پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ممکن ہوسکیں گے؟
گوہر خان نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی ان کے سکریٹری سے "چھین لیے" گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ "کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے روکنا ایک غیر جمہوری فعل ہے او ریہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو خطرے میں ڈال دے گی۔"
خیال رہے کہ گزشتہ اتوار کو عمران خان نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعہ تیار کردہ ایک آڈیو کلپ کا استعمال کرکے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہمارے لوگوں کو اغوا کیا جارہا ہے اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا جارہا ہے۔"
عمران خان اپنی جیتی ہوئی چھ پارلیمانی نشستوں کا کیا کریں گے؟
انہوں نے مزید کہا تھا کہ "ہماری پارٹی کو عوامی جلسے کرنے کی اجازت نہیں ہے۔" انہوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بڑی تعداد میں شرکت کے لیے نکلیں۔
ج ا/ ص ز (روئٹرز، نیوز ایجنسیاں)