1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد، میڈیا رپورٹس

14 دسمبر 2023

رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے، لیکن ان کے وکیل نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4a8rm
اس تصویر میں عمران خان کو پاکستان میں ایک عدالت کے باہر دیکھا جا سکتا ہے
اس تصویر میں عمران خان کو پاکستان میں ایک عدالت کے باہر دیکھا جا سکتا ہےتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ایک عدالت نے ملک کے سابق وزیر اعظم اور جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی لیڈر عمران خان پر ریاستی راز افشا کرنے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی۔ ان رپورٹس کے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی کے ایک اور لیڈر اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر بھی اس کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

تاہم شاہ محمود قریشی کے وکیل نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ان خبروں کی تردید کی ہے۔

یہ مقدمہ ایک خفیہ کیبل سے متعلق ہے، جو 2022ء میں امریکہ میں تب کے پاکستانی سفیر نے اسلام آباد بھیجا تھا۔ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اس سائفر کے مواد کو عام کیا۔ عمران خان کہنا ہے کہ اس کیبل کا مواد میڈیا تک انہوں نے نہیں بلکہ دیگر اور ذرائع نے پہنچایا۔

ان کا یہ بھی موقف رہا ہے کہ یہ کیبل امریکہ اور پاکستانی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے 2022ء میں ان کی حکومت گرانے کی سازش کا حصہ تھا۔ لیکن امریکہ اور اسٹیبلشمنٹ دونوں ہی نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

پاکستان سائفر تنازعہ: ’گفتگو کو غلط سمجھا گیا‘

اس کیس میں عمران خان کے خلاف مقدمہ آفیشل سیکریٹس ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے اور وکلاء کا کہنا ہے کہ اس قانون کے تحت جرم ثابت ہونے پر 14 سال تک قید کی سزا یا سزائے موت بھی سنائی جا سکتی ہے۔ 

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو اس کیس کی سماعت کے دوران جب عمران خان پر فرد جرم عائد کی گئی، تب بھی انہوں نے اس جرم سے انکار کیا۔

اگر عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کی خبر درست ہے تو اس سے ان کے آئندہ سال فروری میں ہونے والی عام انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات مزید کم ہو جائیں گے۔ 

عمران خان کو اس کیس کے علاوہ بھی کئی اور مقدمات میں کارروائی کا سامنا ہے، جسے وہ ان کو سیاست سے بے دخل کرنے کی کوشش گردانتے ہیں۔

م ا\ر ب (روئٹرز)