جرمنی میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی
9 مارچ 2020جرمنی میں امراض پر کنٹرول کے ملکی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ انتیس فروری کو ایسے متاثرین کی تعداد محض چھیاسٹھ تھی۔
کووڈ انیس میں مبتلا مریضوں کی تعداد پیر نو مارچ کو ایک ہزار ایک سو بارہ ہے۔ سب سے زیادہ اس بیماری کی تشخیص جرمنی کے گنجان آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ہوئی ہے۔ اس صوبے میں ایسے مریضوں کی تعداد 484 ہے۔ سولہ جرمن ریاستوں میں سے کسی ایک وفاقی ریاست میں یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
اس تناظر میں جرمنی کے وزیر صحت ژینس شپان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایسی تقاریب یا اجتماعات سے اجتناب ضروری ہو گیا ہے جہاں ایک ہزار سے زائد افراد جمع ہوں۔ اس تناظر میں امکان ہے کہ جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے میچ بھی متاثر ہوں گے۔ شپان کے مطابق یہ فیصلہ کووڈ انیس بیماری کو کنٹرول کرنے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ ارمین لاشیٹ نے کہا ہے کہ وہ ملکی وزیر صحت شپان کی ہدایت پر عمل کریں گے اور ایک ہزار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ لاشیٹ کے مطابق اس پابندی سے فٹ بال لیگ کے میچز تقریباً خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
جرمن فٹ بال لیگ کے انچارج کرسٹیان زائفیرٹ کا کہنا ہے کہ تمام میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے اور بنڈس لیگا کا سیزن وسط مئی میں مکمل ہو جائے گا۔ زائیفرٹ کے مطابق ایسا امکان ہے کہ بعض میچز بغیر تماشائیوں کے شیڈول کے مطابق کھیلے جا سکتے ہیں۔
ع ح ⁄ ا ب ا (اے ایف پی)