1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستفرانس

نریندر مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا

14 جولائی 2023

ان دنوں فرانس کا دورہ کرنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز صدر ماکروں نے پیش کیا۔ مودی آج چودہ جولائی کو فرانس کے قومی دن کی مرکزی تقریب کے خاص مہمان بھی تھے۔

https://p.dw.com/p/4Ttkg
Frankreich | Macron empfängt den indischen Premierministers Modi
فرانسیسی صدر ماکروں اور بھارتی وزیر اعظم مودی پیرس کے ایلیزے پیلس میں تصویر: Emmanuel Dunand/AFP/Getty Images

پیرس میں صدر ایمانوئل ماکروں کے دفتر کی طرف سے جمعہ 14 جولائی کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی سربراہ حکومت نریندر مودی کو یہ اعزاز باستیل ڈے کہلانے والے فرانسیسی قومی دن سے ایک رات قبل جمعرات 13 جولائی کو پیش کیا گیا۔

بھارت نے چندریان سوم راکٹ کو کامیابی سے لانچ کر دیا

پیرس میں ایلیزے پیلس کی طرف سے بتایا گیا کہ قصر صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں بھارتی وزیر اعظم کو جو 'گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پیش کی گئی، وہ فرانس کی طرف سے دیے جانے والے قومی اعزازات میں سے اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔

اس موقع پر صدر ماکروں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ اعزاز دیا جانا ان کے اس کردار کا اعتراف ہے، جو انہوں نے فرانس اور بھارت کو جوڑنے والے اعتماد اور دوستی کے مظہر شاندار تعلقات کے لیے ادا کیا ہے۔

بھارت نے فرانس سے رافال جنگی طیارے خریدنے کو منظوری دی

Frankreich | Macron empfängt den indischen Premierministers Modi
فرانسیسی صدر ماکروں ایلیزے پیلس پہنچنے پر بھارتی وزیر اعظم مودی کا استقبال کرتے ہوئےتصویر: Emmanuel Dunand/AFP/Getty Images

مودی کا اظہار تشکر

نریندر مودی نے ایلیزے پیلس میں منعقدہ سرکاری تقریب میں یہ اعزاز وصول کرنے کے بعد فرانسیسی زبان میں کی گئی اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ''میں اپنے لیے اس گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر کو بڑی عاجزی سے قبول کرتا ہوں۔‘‘ اپنی اس ٹویٹ میں بھارتی وزیر اعظم  نے فرانسیسی صدر کے ساتھ اس تقریب میں اتاری گئی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔

وزیر اعظم مودی فرانس کے دورے پر، بڑے دفاعی معاہدوں کی توقع

ساتھ ہی اس ٹویٹ میں بھارتی سربراہ حکومت نے مزید لکھا، ''یہ بھارت کے 1.4 بلین باشندوں کے لیے بھی ایک اعزاز ہے، جو صدر ماکروں اور فرانسیسی عوام کے دلوں میں بھارت کے لیے گہری محبت اور بھارتی قوم سے دوستی کے تسلسل کو بھی دکھاتا ہے۔‘‘

مصر کے بھارت کے ساتھ تعلقات دن بہ دن مضبوط ہوتے ہوئے

Frankreich Paris | PM Modi bei Feierlichkeiten zum Tag der Bastille
نریندر مودی جمعہ چودہ جولائی کو فرانس کے قومی دن کی فوجی پریڈ کے موقع پر تقریب کے خاص مہمان بھی تھے، اس تقریب میں بھارتی دستوں نے بھی حصہ لیاتصویر: Aurelien Morissard/AP/picture alliance

'لیجن آف آنر‘ اعزاز ہے کیا؟

فرانس کا 'لیجن آف آنر‘ اعزاز ایک ایسا ایوارڈ ہے، جو فرانس کے لیے بڑی کامیابیاں حاصل کرنے والی یا نمایاں خدمات انجام دینے والی سول اور فوجی دونوں طرح کی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

مودی پر دستاویزی فلم کے حوالے سے بی بی سی کو عدالتی نوٹس

یہ اعلیٰ ترین قومی اعزاز دیے جانے کا سلسلہ 1802ء میں شروع ہوا تھا۔ تب یہ اعزاز فرانس کے نپولین اول کہلانے والے بادشاہ اور جنرل نپولین بوناپارٹ نے متعارف کرایا تھا۔

یہ پانچ مختلف درجات کا حامل فرانسیسی قومی اعزاز ہے، جو 'شیوالیئر آف لیجن آف آنر‘ سے شروع ہو کر اپنی اعلیٰ ترین شکل 'گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پر ختم ہوتا ہے۔

م م / ع ت (اے ایف پی، اے پی)

بھارت اور جرمنی میں بڑھتا دفاعی تعاون