1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا میں سکیورٹی سخت کر دی گئی

11 اکتوبر 2019

انڈونیشی صدر نے سارے ملک میں حکومتی اہلکاروں کی سلامتی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ صدارتی حکم سکیورٹی منسٹر پر ایک شدت پسند کے حملے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3R7li
Indonesien Barack Obama mit Familie in Urlaub
تصویر: Getty Images/AFP/S. Tumbelaka

دنیا میں سب سے بڑی مسلم آبادی کے حامل ملک انڈونیشیا کو بھی مسلم انتہا پسندی کا بتدریج سامنا ہے۔ ایک انتہا پسند شخص نے ملکی سلامتی کے نگران وزیر کو جمعرات دس اکتوبر کو چاقو کے حملے میں زخمی کر دیا۔ اس واقعے کے بعد ملکی صدر جوکو ودودو نے تمام حکومتی اہلکاروں کی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

بہتر سالہ انڈونیشی وزیر ویرانتو پر چاقو سے وار اُس وقت کیا گیا جب وہ اپنے آبائی علاقے میں اپنے مداحوں کے ساتھ ملاقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ اُن کو چاقو کے دو گھاؤ آئے اور سرجری کے بعد اب ان کی حالت بہتر ہے۔ وہ سن 2016 سے انڈونیشیا کے سیاسی، قانونی اور سکیورٹی امور کے وزیر چلے آ رہے ہیں۔

انڈونيشيا ميں کسی شدت پسند نے پہلی مرتبہ ملک کے کسی سینئر سیاستدان پر حملہ کیا ہے۔ اس تناظر میں صدر جوکو ودودو کا کہنا ہے کہ یہ پہلا حملہ ہی آخری حملہ ہے اور ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

Indonesien Sicherheitsminister Wiranto
انڈونیشی وزیر ویرانتو پر حملہ اُن کے آبائی علاقے میں کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP/A. Ibrahim

صدر کے مطابق ملکی سکیورٹی پہلے سے بہتر ہے لیکن ویرانتو پر حملے کے بعد اس صورت حال پر نظر ثانی کی ضرورت ہے اور سکیورٹی میں پائی جانے والی تمام دراڑوں کو بند کرنا ضروری ہے۔

انڈونیشی  صدر نے یہ بھی بتایا ہے کہ سرجری کے بعد اُن کے وزیر کی حالت اطمینان بخش ہے اور انہوں نے زخمی وزیر سے بھی رابطہ بھی کیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے انتہا پسند اور اُس کی ایک خاتون ساتھی کو حراست میں لیا ہے۔ ان کے قبضے سے خطرناک آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

انڈونيشيا گزشتہ کچھ برسوں سے سخت عقیدے کے شدت پسندوں کی کارروائیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ اس ملک میں انتہا پسند عقیدے کی حامل جماعت اسلاميہ کو کالعدم قرار دیا جا چکا ہے۔ اس جماعت کے سينکڑوں کارکنان اور قيادت گرفتار ہے۔ تاہم انڈونيشيا ميں اسلامک اسٹيٹ سے منسلک کچھ نئے گروپ ابھرے ہيں، جو سلامتی کے ليے خطرہ ہيں۔

ع ح ⁄ ع س (روئٹرز)