1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا شام کے خلاف غیر قانونی جارحیت سے باز رہے، روس

30 اگست 2018

روس نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ وہ شام میں کسی قسم کی غیر قانونی جارحیت سے باز رہے۔ ماسکو حکومت کو خدشہ ہے کہ واشنگٹن شام میں نئے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/341Kj
Syrien Idlib Provinz - Türkischer Convoy
تصویر: Getty Images/AFP/O. H. Kadour

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکا میں تعینات روسی سفیر ایناتولی اینتونوف نے رواں ہفتے امریکی حکام کو بتایا کہ ماسکو حکومت کو اس طرح کی علامات پر شدید تحفظات ہیں کہ امریکا شام میں نئے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اینتونوف نے واشنگٹن کو ’’شام کے خلاف بے بنیاد اور غیر قانونی جارحیت‘‘ سے خبردار بھی کیا۔

واشنگٹن میں موجود روسی سفارت خانے نے اپنے فیس بُک پر لکھا ہے کہ ایناتولی اینتونوف نے رواں ہفتے امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں شام کے لیے خصوصی امریکی نمائندے جیمز جیفری بھی شامل تھے۔

شامی حکومتی فورسز ان دنوں ملک کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں فوجی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے بدھ 29 اگست کو یہ بات دمشق حکومت کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتائی تھی۔ خیال رہے کہ ادلب شام میں باغیوں کا آخری مضبوط ٹھکانہ ہے۔ شامی حکومت کو امید ہے کہ اگر یہاں سے باغیوں کا صفایا کر دیا گیا تو شام میں گزشتہ قریب سات برس سے جاری خانہ جنگی کا اختتام ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فوجی کارروائی کا آغاز صوبہ ادلب کے جنوبی اور مغربی حصوں سے کیا جائے گا لیکن ادلب شہر کو فی الحال نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

Syrien Regierungstruppen
شامی حکومتی فورسز ان دنوں ملک کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں فوجی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں۔تصویر: Getty Images/AFP

ان حالات میں اس بات کے امکانات اور خدشات سامنے آئے ہیں کہ امریکی اتحادی فورسز شامی حکومتی فورسز کو اس طرح کی کسی کارروائی کو روکنے کے لیے حملے کا نشانہ بنا سکتی ہیں۔ اسی تناظر میں روسی سفارت کار کی طرف سے واشنگٹن حکومت کے لیے یہ انتباہ سامنے آیا ہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بھی بدھ 29 اگست کو خبردار کیا کہ ادلب میں ایک بڑی فوجی کارروائی اس خطے میں ’’انسانی حوالے سے المیے‘‘ کو جنم دے سکتی ہے۔ گوٹیرش نے اس خطرے سے بھی خبردار کیا کہ ایسی کسی کارروائی کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی ہو سکتا ہے۔ ان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال نا قابل برداشت ہو گا۔

ا ب ا / ع س (خبر رساں ادارے)