یوگا، دنیا بھر میں بھارت کی پہچان
21 جون 2017دنیا بھر میں کئی لاکھ لوگ آج اس قدیمی جسمانی ورزش کے دن کو منا رہے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے مغربی شہر احمد آباد میں ایک لاکھ پچیس ہزار افراد نے ایک ساتھ یوگا کر کے عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کی۔ اس بڑے اجتماع کی سربراہی نامور یوگا گرو بابا رامدیو نے کی۔
اس ہفتے دنیا بھر کے سو سے زائد ممالک میں یوگا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے یوگا تقریب کے موقع پر کہا،’’ کئی ممالک ہماری زبان، ثقافت اور روایات نہیں جانتے لیکن آج وہ یوگا کے ذریعے ہمارے قریب آرہے ہیں ۔‘‘ بھارتی وزیر اعظم نے یوگا کے مختلف آسنوں کا مظاہرہ کرنے کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوگا جسم، ذہن اور روح کا ایک دوسرے سے رابطہ پیدا کرتا ہے اور یوگا دنیا کو ایک دوسرے سے قریب لانے میں مدد گار ثابت ہو رہا ہے۔
'دیوار چین‘ سے ’لندن آئی‘ تک یوگا کرنے کے شوقین افراد نے مختلف شہروں کے مرکزی مقامات پر یوگا کر کے اس ورزش کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بھارت میں اسکول کے بچوں، سپاہیوں، سیاست دانوں اورسرکاری ملازمین نے رنگ برنگ یوگا میٹ بچھا کر یوگا کی مشق کی۔ بھارت کے ٹی وی چینلز پر دکھایا گیا کہ بھارتی سپاہیوں نے اٹھارہ ہزار فٹ کی بلندی ہر لداخ کے علاقے میں یو گا کیا۔