1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرائنی بحران کی پیچیدہ صورت حال

عابد حسین5 نومبر 2014

یوکرائنی صدر نے اپنے ملک کے مشرقی علاقے کی جانب مزید فوجی روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اُدھر نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے مطابق روس کے فوجی دستے یوکرائنی سرحد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DgtC
یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو ملک کے مشرقی علاقے کی جانب مزید فوجی روانہ کرنے کا اعلان کیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

منگل کے روز یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو نے اپنی سکیورٹی چیفس کی میٹنگ طلب کر رکھی تھی اور اِس میٹنگ میں مشرقی یوکرائن میں ہونے والے الیکشن اور بعد کی ممکنہ صورت حال پر غور کیا گیا۔ روس کے نائب وزیر خارجہ گریگوری کاراسین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مشرقی یوکرائن کے لیڈروں کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہو گیا ہے، اِس لیے کییف حکومت براہِ راست اُن سے مذاکرات کرے۔ پوروشینکو کے مطابق اضافی دستے اِس لیے روانہ کیے گئے ہیں تاکہ وہ حکومتی کنٹرول کے علاقوں کی جانب باغیوں کے اٹھتے قدموں کو فوری طور پر روک سکیں۔

Alexander Sachartschenko Vereidigung in Donezk 04.11.2014
منگل کے روز ڈونیٹسک کے سربراہ کے طور پر اڑتیس سالہ الیگزانڈر ذخارچینکو نے انتہائی سخت سکیورٹی میں اپنا حلف اٹھایاتصویر: Reuters/M. Zmeyev

یوکرائنی صدر نے اضافی دستوں کی تعیناتی کا حکم اپنے سکیورٹی چیفس کی ایسی اطلاعات پر دیا کہ اِسی ویک اینڈ پر روس کی جانب سے سرحدی علاقوں کی جانب مزید فوجیوں کی تعیناتی میں خاصا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پوروشینکو کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں بھی کہا گیا کہ اضافی یونٹوں کی تعیناتی کی ضرورت اِس لیے پیش آئی تاکہ باغیوں کی جانب سے میریوپول اور بیردینسک اور خارکیو کی جانب ممکنہ حملوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

مشرقی یوکرائنی علاقے میں باغیوں کے انتخابات کے بعد یوکرائنی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ مغربی اقوام، امریکا اور کییف حکومت نے باغیوں کے کنٹرول والے علاقوں میں انتخابات کو غیرقانونی قرار دیا جا چکا ہے۔

منگل کے روز ڈونیٹسک کے خود ساختہ و خود مختار علاقے کے سربراہ کے طور پر اڑتیس سالہ الیگزانڈر ذخارچینکو نے انتہائی سخت سکیورٹی میں اپنا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب ڈونیٹسک کے ایک تھیئٹر میں ہوئی۔ ذخار چینکو نے بائبل پر حلف اٹھایا۔ تقریب میں خود ساختہ ڈونیسک پیپلز ریپبلک کے جھنڈے بھی لہرائے گئے تھے۔ مسلح افراد نے اِس پر موقع پر تالیاں اور سیٹیاں بھی بجائیں۔

اِس تقریب میں جورجیا سے علیحدگی اختیار کرنے والے ابخازیہ اور روسی رکن پارلیمان کے علاوہ تین اور غیر ملکی بھی موجود تھے۔ روسی رکن پارلیمنٹ الیکسی ژُورارلیف نے اِس پر موقع پر کہا کہ اُن کا ملک صورت حال سے پییچھے نہیں ہٹے گا۔ ڈونیٹسک اور لوہانسک علاقے کے لیڈروں کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل سے اُن کو یہ مینڈیٹ حاصل ہوا ہے کہ وہ اپنے علیحدگی پسندی کے مقاصد کے حصول کے لیے عملی کوششیں کرسکیں۔

Pro-russische Separatisten in Donezk
مشرقی یوکرائنی علاقے میں باغیوں کے انتخابات کے بعد یوکرائنی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہےتصویر: Reuters

یوکرائن کی نئی پیچیدہ صورت حال پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے منگل کے روز کہا کہ تنازعے میں روسی کردار کے تناظر میں یورپی یونین کی پابندیوں کو ختم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ میرکل نے یہ بھی کہا کہ مشرقی یوکرائن میں الیکشن کی وجہ سے بحرانی حالات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں لیکن یوکرائنی بحران کے سفارتی حل تک ابھی بھی پہنچا جا سکتا ہے۔

اُدھر امریکا نے مشرقی یوکرائن کے روس نواز علیحدگی پسندوں اور روسی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ یوکرائن کے مزید علاقوں پر قبضے کی کوشش مہنگی پڑ سکتی ہے اور یہ حالیہ امن ڈیل کے سراسر منافی ہو گی۔ دوسری جانب نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ روس کے فوجی یوکرائنی بارڈر کی جانب بڑھتے دیکھے گئے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ روس مسلسل باغیوں کو اسلحے کی فراہمی کے علاوہ تربیت دے کر اُن کی حمایت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ روس نے باغیوں کو امداد فراہم کرنےکی تردید کی ہے۔