1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کی مخلوط حکومت عدم اعتماد کی قرارداد سے محفوظ

عابد حسین11 نومبر 2013

اتوار کی رات مالی مشکلات کے شکار یورپی ملک یونان کی موجودہ مخلوط حکومت اپوزیشن کی عدم اعتماد قرارداد سے بچ گئی۔ بائیں بازو کی سیریزا پارٹی کی پیش کردہ قرارداد ایوان میں مسترد ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/1AF3n
تصویر: Reuters

یونانی وزیراعظم انتونس ساماراس کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کی مخالفت میں 153 ووٹ ڈالے گئے۔ یونانی پارلیمنٹ کا ایوان 300 اراکین پر مشتمل ہے۔ اِس کی توقع کی جا رہی تھی کہ یہ قرارداد ناکامی سے ہمکنار ہو گی۔ قرارداد کی کامیابی کے لیے 151 ووٹ درکار تھے جو نہیں حاصل ہو سکے۔

وزیراعظم ساماراس نے عدم اعتماد کی تحریک کو ایک سیاسی ڈرامے سے تعبیر کیا۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام رکھا کہ اُس عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا یہ اقدام ملکی سالمیت کے منافی ہے۔ ساماراس کے نزدیک یونان کو حاصل ہونے والے حالیہ معاشی استحکام کو اپوزیشن کی سرگرمیوں سے خطرہ لاحق ہے۔ یونانی وزیراعظم نے اپوزیشن کے قبل از وقت الیکشن کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے واضح کیا کہ عام پارلیمانی انتخابات سن 2016 میں معمول کے مطابق ہوں گے۔

EU-Gipfel in Brüssel Antonis Samaras 24.10.2013
یونانی وزیراعظم انتونس ساماراستصویر: picture-alliance/dpa

بائیں بازو کی جماعت سیریزا کا موقف ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک قدامت پسند وزیراعظم کی تباہ کن حکومتی پالیسیوں کے خلاف ہے۔ یہ جماعت ملک میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ بھی کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں سیریزا کے لیڈر Alexis Tsipras نے انتونس ساماراس حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیرملکی تسلط میں ہے اور امراء کو بچاتے ہوئے غریب آبادی پر ٹیکسوں کا نفاذ کر رہی ہے۔ دوسری جانب ساماراس حکومت انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ، یورپی یونین اور یورپی مرکزی بینک کے پریشر کا سامنا کرتے ہوئے پبلک سیکٹر میں بیل آؤٹ پیکج کی شرائط کے تحت مزید بچتی اقدامات متعارف کروانے والی ہے۔ ان اہم بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بات چیت اتوار کے روز بھی جاری رہی۔ اب یہ مذاکرات منگل تک کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

Porträt Alexis Tsipras
بائیں بازو کی سیاسی پارٹی سیریزا کے لیڈر الیکسی سپراستصویر: DW/B. Riegert

بائیں بازو کی جماعت سیریزا نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی تھی۔ رائے شماری کے لیے یہ قرارداد جمعرات کے روز جمع کروائی گئی تھی۔ اِس قرارداد پر بحث جمعے سے شروع تھی۔ بحث کے اختتام پر ووٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔ ووٹنگ میں سیریزا پارٹی کی قرارداد کے حق میں 124 ووٹ ڈالے گئے۔

حکومت کے مخالف تین دوسری اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ ڈالا۔ ان میں دائیں بازو کی قدامت پسند جماعت گولڈن ڈان اور کمیونسٹ پارٹی بھی شامل ہے۔ مخلوط حکومت میں شامل سوشلسٹ پارٹی کے ایک رکن نے قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔ اجلاس کے فوری بعد سوشلسٹ پارٹی نے اپنے ہنگامی اجلاس میں اِس رُکن کو پارٹی سے خارج کر دیا گیا۔

پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر ہونے والی ووٹنگ کی مناسبت سے سیریزا پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے دارالحکومت ایتھنز میں ساماراس حکومت کی بچتی پالیسیوں کے خلاف ایک ریلی بھی نکالی۔ ریلی کے شرکا حکومت کی مستعفی کے مطالبے کے ساتھ ساتھ بچتی اقدامات کے خلاف بھی آواز بلند کر رہے تھے۔ یونان سن 2010 سے بیل آؤٹ پیکج پر اپنی معیشت کو آگے بڑھا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعت سیریزا بار بار کہہ چکی ہے کہ اُسے اقتدار ملنے کی صورت میں وہ بیل آؤٹ پییکج کے حوالے سے کی گئی قانون سازی کو ختم کر دے گی۔