1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں 35 امدادی کارکنوں پر مہاجرین کی اسمگلنگ کا الزام

28 ستمبر 2020

یونانی پولیس کے مطابق مہاجرین کی مدد کرنے والی کئی غیر ملکی تنظیموں کے درجنوں کارکن، تارکین وطن کی اسمگلنگ اور منظم جاسوسی کے مرتکب ہوئے۔ غیر حکومتی تنظیموں کے ان 35 کارکنوں میں دو غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/3j84b
تصویر: picture-alliance/Photoshot/M. Lolos

یونانی دارالحکومت ایتھنز میں ملکی پولیس نے بتایا کہ یہ تین درجن کے قریب امدادی کارکن ترکی سے تارکین وطن کی یونان آمد میں غیر قانونی مدد کے مرتکب ہوئے۔ پیر 28 ستمبر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں پولیس نے بتایا کہ کئی مختلف غیر ملکی این جی اوز سے تعلق رکھنے والے یہ کارکن کم از کم بھی 32 واقعات میں 'اسمگلنگ اور جاسوسی‘ کے مرتکب ہوئے۔

بیان کے مطابق یہ امدادی کارکن تارکین وطن کو اسمگل کرنے والے عناصر کو یونانی کوسٹ گارڈز کی محافظ کشتیوں کی پوزیشن سے مطلع کر دیتے تھے۔ اس طرح انسانوں کے اسمگلروں کی رہنمائی کی جاتی تھی کہ انہیں تارکین وطن کو لانے والی اپنی کشتیوں کے ساتھ یونانی جزیرے لیسبوس کے کس ساحلی علاقے پر کب پہنچنا ہوتا تھا۔

ان امدادی کارکنوں پر لگائے گئے الزامات اس لیے سنگین ہیں کہ وہ منظم جرائم اور مجرمانہ جاسوسی کے زمرے میں آتے ہیں۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ آیا ان کارکنوں میں سے کسی کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

Griechenland/Eu Konflikt in der Flüchtlingspolitik
تصویر: Getty Images/AFP/A. Messinis

بیان کے مطابق پولیس نے ان ملزمان کی شناخت کے لیے کئی ماہ تک چھان بین کی، جس میں یونانی انٹیلیجنس اور انسداد دہشت گردی کے محکمے نے بھی مدد کی۔

بیان کے مطابق یہ مبینہ ملزمان انسانوں کے اسمگلروں کی تارکین وطن کو ترکی سے بحیرہ ایجیئن کے یونانی جزیرے لیسبوس تک پہنچانے میں مدد کرتے تھے اور وہ ایسا کم از کم بھی اس سال جون کے اوائل سے کر رہے تھے۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ یہ این جی او کارکن آپس میں رابطوں کے لیے پرائیویٹ سوشل میڈیا گروپ اور ایپس استعمال کرتے تھے۔

پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ مبینہ 'اسمگلنگ اور جاسوسی‘ کے مرتکب یہ کارکن کن غیر سرکاری امدادی تنظیموں کے لیے کام کرتے تھے۔ تاہم  یہ کہا گیا کہ یہ تنظیمیں غیر ملکی ہیں، جن کے ارکان میں جرمنی، آسٹریا، ناروے، سوئٹزرلینڈ اور بلغاریہ کے شہری شامل ہیں۔

م م / ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں