1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

یورپی یونین: یوکرین کے لیے 50 ارب یورو کا امدادی پیکج منظور

1 فروری 2024

برسلز میں ایک خصوصی سربراہی اجلاس میں یوکرین میں اہم سروسز کو جاری رکھنے کے لیے فنڈنگ کی فراہمی پر مذاکرات کیے جا رہے تھے۔ ہنگری نے اب تک اس معاہدے کو ویٹو کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/4bw3M
ہنگری فنڈنگ کے معاملے پر مخالفت کر رہا تھا
ہنگری فنڈنگ کے معاملے پر مخالفت کر رہا تھاتصویر: Ludovic Marin/AFP/Getty Images

برسلز میں ایک خصوصی سربراہی اجلاس کے میں یوکرین میں اہم سروسز کو جاری رکھنے کے لیے فنڈنگ کی فراہمی پر مذاکرات کیے جا رہے تھے۔ ہنگری نے اب تک اس معاہدے کو ویٹو کیا تھا۔

یورپی یونین کے رہنماؤں نے یوکرین کے لیے اضافی 50 ارب یورو کی امداد فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کے مطابق یورپی یونین کے خصوصی سربراہی اجلاس شروع ہونے کے صرف ایک گھنٹے بعد ہی یورپی یونین کے رہنما ایک معاہدے پر اتفاق کرنے میں کامیاب ہو گئے جس کے تحت بلاک کو اگلے چار سالوں میں یوکرین کو 50 ارب یورو کی مالی اعانت فراہم کرنے کی اجازت ہو گی۔

قبل ازیں ہنگری نے دسمبر کے وسط میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں اس معاہدے کو ویٹو کر کے روک دیا تھا۔

مشیل نے ایکس پر لکھا، ''ہمارے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سے یوکرین کے لیے مستحکم، طویل مدتی، فنڈنگ یقینی ہو گئی ہے۔‘‘

ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے مطالبہ کیا تھا کہ یوکرین کی فنڈنگ کا سالانہ جائزہ لیا جائے۔ تاہم یونین کے رہنماؤں کے مابین مذاکرات کے بعد یہ طے پایا ہے کہ 'ضرورت پڑنے پر‘ دو سال میں فنڈنگ کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئر لائن نے معاہدہ طے پانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے 'یورپ کے لیے اچھا دن‘ قرار دیا۔

زیلنسکی کی طرف سے معاہدے کا خیر مقدم

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہنگری کی جانب سے ویٹو ختم کیے جانے کے بعد یوکرین کو اگلے چار سالوں میں 50 ارب یورو فراہم کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔

یورپی یونین کی بندرگاہوں کی منشیات کی اسمگلنگ روکنے کی کوشش

یوکرین کے صدر نے ایک بیان میں کہا، ''یہ بہت اہم ہے کہ یہ فیصلہ تمام 27 رہنماؤں نے کیا، جو ایک بار پھر یورپی یونین کے مضبوط اتحاد کو ثابت کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فنڈنگ یوکرین میں 'طویل مدتی اقتصادی اور مالی استحکام کو یقینی‘ بنائے گی۔

یوکرین کی وزارت اقتصادیات نے کہا ہے کہ ساڑھے چار بلین یورو کی پہلی قسط مارچ میں یوکرین کو فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

’یورپی رہنماؤں کے 'واضح‘ پیغام کے بعد اوربان نے مخالفت ترک کی‘

ڈی ڈبلیو کی برسلز بیورو چیف الیکسزانڈرا فان ناہمن برسلز سے اس وقت رپورٹنگ کر رہی تھیں جب بلاک نے یوکرین کے لیے 50 ارب یورو کے پیکج کی منظوری دی۔

انہوں نے ہنگری کی طرف سے موقف کی تبدیلی کے بارے میں بتایا، ''وکٹر اوربان پر یورپی یونین کے تمام رہنماؤں کے باضابطہ اجلاس کے آغاز سے پہلے مخالفت ترک کرنے اور اتفاق کرنے کے لیے بہت دباؤ ڈالا۔ وہ پہلے ہی جرمن چانسلر، اطالوی وزیر اعظم، فرانسیسی صدر اور یورپی یونین کے اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں کر چکے تھے۔‘‘

فان ناہمن نے ذرائع کے حوالے سے بتایا، ''ان رہنماؤں نے وکٹر اوربان پر یہ واضح کر دیا کہ وہ یورپی یونین میں اکیلے کھڑے ہیں اور یوکرین کے لیے اس ضروری امداد کو روک رہے ہیں۔ اس پیغام کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ اوربان آخر کار ہاں کہہ دیں گے۔‘‘

وکٹر اوربان پر یورپی یونین کے رہنماؤں کے اجلاس کے آغاز سے پہلے مخالفت ترک کرنے کے لیے بہت دباؤ ڈالا
وکٹر اوربان پر یورپی یونین کے رہنماؤں کے اجلاس کے آغاز سے پہلے مخالفت ترک کرنے کے لیے بہت دباؤ ڈالاتصویر: Geert Vanden Wijngaert/AP/dpa/picture alliance

ڈی ڈبلیو برسلز کی بیورو چیف کا مزید کہنا تھا، ''متحد ہونے کا یہ پیغام روس اور یوکرین کے علاوہ امریکہ کے لیے بھی ایک بہت اہم اشارہ ہے۔ امریکہ بھی یوکرین کے لیے امداد کے حوالے سے اختلافات کا شکار ہے اور ریپبلکن قانون سازوں نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے پیش کیے جانے والے پیکج کو روک رکھا ہے۔‘‘

ش ح/ ک م (ڈی پی اے، روئٹرز، اے ایف پی)

یوکرینی فوج میں شامل غیر ملکی جنگجو