1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کی طرف سے ممکنہ جرمانہ: گوگل بظاہر لچکدار پالیسی پر آمادہ

18 اپریل 2013

دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے خلاف 2010ء میں یورپی کمیشن کو درخواست دی گئی تھی کہ وہ کسی بھی صارف کی طرف سے معلومات کی تلاش کے وقت دکھائے جانے والے نتائج میں غیر جانبداری سے کام نہیں لیتا۔

https://p.dw.com/p/18Iwz
تصویر: dapd

اس مقدمے میں گوگل کو ممکنہ طور پر جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے اور اسی لیے اب یہ ادارہ بظاہر اپنی اب تک کی پالیسی میں تبدیلیوں پر آمادہ ہو گیا ہے۔ گوگل ایک سرچ انجن کے طور پر اتنا طاقتور ہو چکا ہے کہ اب دنیا کی کئی زبانوں میں انٹرنیٹ پر معلومات کی تلاش کے لیے گوگل ایک فعل یا verb کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ یعنی اگر آپ انٹرنیٹ پر کسی بھی طرح کی معلومات کی تلاش میں ہیں تو گوگل کیجیے۔

Google Browser Google Chrome
یورپ میں انٹرنیٹ سرچ کے لیے 90 فیصد واقعات میں گوگل انجن استعمال کیا جاتا ہےتصویر: AP

یورپی یونین کے رکن ملکوں میں صارفین انٹرنیٹ پر کسی بھی قسم کی معلومات کی تلاش کے لیے 90 فیصد واقعات میں گوگل ہی کی ویب سائٹ استعمال کرتے ہیں۔ عالمی سطح پر اب تک گوگل کا مقابلہ نہ تو یاہو سرچ انجن کر سکا ہے اور نہ ہی مائیکروسافٹ کی Bing کہلانے والی سروس۔ امریکا مائیکروسافٹ کی ہوم مارکیٹ ہے، لیکن وہاں بھی انٹرنیٹ سرچ کے شعبے میں بِنگ کا حصہ 10 فیصد سے بھی کم ہے۔

گوگل کے خلاف یورپی کمیشن کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب گوگل پر کوئی انفارمیشن تلاش کی جاتی ہے، تو نتائج میں گوگل کی اپنی ذیلی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر دستیاب معلومات کو ترجیح دی جاتی ہے، مثال کے طور پر بات کسی جگہ کے نقشے کی ہو تو Google Maps کے نتائج کو یا پھر اگر ویڈیو ہو تو گوگل ہی کی ایک ذیلی کمپنی یوٹیوب کے نتائج کو۔

یورپی یونین کے صحت مند کاروباری مقابلے سے متعلقہ معاملات کے نگران کمشنر کے ترجمان انٹوئن کولمبانی کے مطابق گوگل نے اب برسلز کو کئی ایسے تجاویز پیش کی ہیں، جن پر عملدرآمد کے ذریعے اس کی اب تک کی سرچ پالیسی میں کافی تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔

Microsoft Messe Las Vegas
امریکی منڈی میں مائیکروسافٹ کے سرچ انجن بِنگ کا حصہ محض دس فیصد ہےتصویر: Reuters

کولمبانی کے بقول فی الحال ان تجاویز کی تفصیلات کو منظر عام پر نہیں لایا جا سکتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل نے یورپی کمیشن کو یہ تجاویز اس لیے پیش کی ہیں کہ وہ ممکنہ طور پر برسلز کی طرف سے اپنے خلاف بہت بڑے مالی جرمانے کی سزا سے بچ سکے۔

یورپی کمیشن کے باخبر ذرائع کے مطابق ان تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ گوگل کی طرف سے آئندہ اس کے سرچ نتائج میں اس کی اپنی ذیلی کمپنیوں کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی علیحدہ سے تخصیص کی جائے گی اور ساتھ ہی حریف اداروں کی ویب سائٹس پر دستیاب معلومات بھی ان کے ویب لنکس کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں دکھائی جائیں گی۔

اگر یورپی کمیشن نے یہ تجاویز قبول کر لیں تو آئندہ کم از کم یورپی یونین میں انٹرنیٹ صارفین کو گوگل انجن پر سرچ کے نتائج باقی ماندہ دنیا کے صارفین کو ان کے ملکوں میں نظر آنے والے نتائج سے اس طرح مختلف ہوں گے کہ ان میں گوگل کے حریف اداروں کی طرف سے مہیا کردہ زیادہ معلومات شامل ہوں گی۔

R. Mennig, mm / aa