1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا زمین کی بقا کے لیے اب کیڑوں کو غذ‌ا کا حصہ بنانا ہو گا؟

29 جنوری 2023

کیڑوں مکوڑوں کا کھانے میں استعمال، جہاں گوشت کا بہترین متبادل ثابت ہو سکتا ہے، وہیں ان کا استعمال ہمارے ماحول کو زہریلی گیسوں اور مختلف حیوانات کو معدومیت کے خطرے سے دوچار ہونے سے بھی محفوظ رکھ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4MkPQ
یورپی یونین نے آٹے کی سُنڈی کی طرح کے لاروے (میگٹ) اور جھینگر کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے
یورپی یونین نے آٹے کی سُنڈی کی طرح کے لاروے (میگٹ) اور جھینگر کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہےتصویر: Vit Simanek/CTK/dpa/picture alliance

یورپی یونین نے آٹے کی سُنڈی کی طرح کے لاروے (میگٹ) اور جھینگر کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یورپ میں لاروا اور جھینگر لوگوں کو بطور خوراک فروخت کیے جانے والے کیڑوں کی تیسری اور چھوتھی قسم ہوں گے جبکہ ایسی مزید آٹھ درخواستیں منظوری کی منتظر ہیں۔

گوشت کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ

خوراک کی پیدوار سے بھی ضرر رساں گیسوں کا اخراج ہوتا ہے اور یہ گیسیں ایک چوتھائی گلوبل وارمنگ کی ذمہ دار ہیں۔ مویشی میتھین گیس خارج کرتے ہیں، جو فضا میں کم مدت کے لیے رہتی ہے لیکن  یہ ایک اہم گرین ہاؤس گیس ہے۔ دوسری طرف مویشیوں کی چراگاہیں بنانے کے لیے جنگلات کاٹنے پڑتے ہیں اور پھر اگائی جانی والی فصلوں کا تین چوتھائی حصہ مویشیوں کو ہی کھلانے میں صرف ہو جاتا ہے۔

اگر تلی ہوئی سُنڈیاں اور کیڑے مکوڑے گوشت سے بنے سٹیکس اور ہیمبرگرز کی جگہ لے لیں تو یہ متبادل مختلف جانوروں کو معدومیت سے بچانے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

جاپان میں کیڑوں کی خرید و فروخت کا کاروبار ترقی کر رہا ہے

اس بارے میں ڈی ڈبلیو سے بات چیت کے دوارن امریکی ماحولیاتی تحقیقی ادارے ورلڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ میں فوڈ پروگرام کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ٹِم سرچنگر نے کہا، ''دنیا بھر میں گوشت کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ سے نمٹنا اتنا بڑا چیلنج ہے کہ ہمیں اس کا کوئی پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے ہر طرح کے حربے کو آزمانہ ہو گا‘‘۔

’ہر کوئی کیڑے کھانے کا پابند نہیں ہے‘

یورپی کمیشن کی جانب سے ان دو نئی قسم کے کیڑوں کو خوراک میں شامل کرنے کا مطلب غذائی انتخاب میں لازمی طور پر تبدیلی کرنا نہیں ہے بلکہ یہ ماحول میں بہتری کے ساتھ ساتھ صحت کو بہتر بنانے کی طرف ایک قدم ہے۔ اس تناظر میں یورپی کمیشن نے گزشتہ ہفتے ایک ٹویٹ میں کہا، ''کسی کو یہ کیڑے کھانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا‘‘۔

یورپی یونین نے آٹے کی سُنڈی کی طرح کے لاروے (میگٹ) اور جھینگر کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے
یورپی یونین نے آٹے کی سُنڈی کی طرح کے لاروے (میگٹ) اور جھینگر کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہےتصویر: AFLO/imago images

کیڑوں کو خوارک میں شامل کرنے سے متعلق قوانین میں یہ بات واضح طور پر بیان کی گئی ہے کہ غذائی کیڑے (لاروا اور جھینگر) صرف ان لوگوں کے استعمال کے لیے محفوظ ہیں، جن کو ان سے الرجی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء، جن میں کیڑے بطور خوراک شامل ہوں، ان پر اس حوالے سے معلوماتی لیبل لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس بات کے قوی امکان ہیں کہ یہ اقدام ماحول کے لیے نقصان دہ غذاؤں کے متبادل کے طور پر کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر جرمنی میں تقریباً نصف آبادی گوشت کھانے سے پرہیز کرتی ہے جب کہ امریکہ میں گوشت کی طلب بہت زیادہ ہے۔ تاہم  وہاں لوگ گائے کی بجائے چکن کا گوشت کھانے کو ترجیح دینے لگے ہیں، جس کی پیدوار ماحول کے لیے کم نقصان دہ ہے۔

البتہ کیڑوں مکوڑوں سے حاصل ہونے والی پروٹینز پروسیسڈ فوڈزکے لیے بہرتین متبادل کے طور پر استعمال ہو سکتی ہیں۔ مختلف تحقیقی مطالعات کے مطابق کیڑوں مکڑوں کی پیداوار ماحول کے لیے گوشت سے کئی گنا کم نقصان دہ ہے لیکن سبزیوں کی پیداوار ان دونوں سے بہتر ہے۔ 

کیا لوگ کیڑے مکوڑے کھانے پر آمادہ ہیں؟

بہت سے یورپی باشندوں کے لیے رینگنے والے جانداروں کو کھانے کا خیال پرکشش نہیں ہے۔ تاہم کیڑوں مکوڑوں سے تیار کردہ کھانے دنیا بھر کے اعلیٰ ترین ریستورانوں میں دستیاب ہیں اور میکسیکو سے لے کر تھائی لینڈ تک خوراک کا ایک اہم اور صحت بخش حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ بیف اسٹیک کی بجائے جھینگر کھانا لوگوں کے لیے ایک مشکل انتخاب ہو گا تاہم کیڑے مکوڑوں کا استعمال تحفظ ماحول کے لیے بہترین ہے۔

دوسری جانب یورپی باشندوں کو کیڑے کھانے پر آمادہ کرنا ایک مشکل امر دکھائی دیتا ہے۔ یورپی کنزیومر آرگنائزیشن کی 2020ء  کی ایک رپورٹ کے مطابق تین چوتھائی یورپی صارفین گوشت کی بجائے کیڑے مکوڑے کھانے کے لیے تیار نہیں ہیں جبکہ مزید 13 فیصد افراد اس بارے میں غیر یقینی کا شکار ہیں۔ جرمنی کی ماحولیاتی ایجنسی 'یو بی اے‘  کی 2022ء کی ایک رپورٹ کے مطابق تقریباﹰ 80 فیصد جرمن باشندے کیڑوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنانےکے کیے تیار نہیں۔

تاہم یورپی کمیشن کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان سٹیفن ڈے کیرسمیکر کا کہنا ہے، ''یہ کیڑے غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ فوڈ سسٹم میں یہ ہمیں پائیدار اور صحت مند خوراک فراہم کر سکتے ہیں۔‘‘ گزشتہ دسمبر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ماحولیاتی فوائد کے بارے میں بتائے جانے کے بعد لوگ آسانی سے کیڑے مکوڑے کھانے پر راضی ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس حوالے سے یورپی باشندوں کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ، اجیت نرنجن

انگریزی زبان سے ترجمہ، کومل راجہ / ا ا