1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین ميں اصلاحات کی ضرورت ہے، فرانسیسی صدر

17 اپریل 2018

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے زور دیا ہے کہ جنگ اور آمرانہ طرز کی حکومتوں کے اس دور میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے شہریوں کو تحفط فراہم کرنے کے لیے اس بلاک ميں اصلاحات درکار ہيں۔

https://p.dw.com/p/2wBek
Frankreich Rede Macron vor dem Europaparlament
تصویر: Reuters/V. Kessler

چالیس سالہ ماکروں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ یورپی یونین میں ایک اہم لیڈر کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے آج يورپی یونین سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ میں یورپی پارلیمان میں اپنی تقریر کے دوران کیا۔ اس موقع پر ماکروں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی قوم پرستی سے لڑنے کا بہترین حل ’جمہوریت‘ ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آمرانہ سوچ کا جواب جمہوری آمریت نہیں بلکہ جمہوریت کی بالادستی ہے۔‘‘

ماکروں نے کہا کہ برطانیہ کے بلاک سے اخراج کے تناظر ميں یورپی يونين کو 2019ء میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے ایک جاندار مہم  چلانا ہوگی۔ فرانسيسی صدر نے یورپی بلا ک کے پارلیمانی لیڈروں کو کہا کہ یورپ کی شناخت کے حوالے سے جمہوری اور تنقیدی بحث ہونی چاہیے۔ ماکروں نے مزيد کہا کہ اب شہری یورپ کے حوالے سے ایک ايسا نیا منصوبہ چاہتے ہیں، جو ان کے خدشات اور تحفظات کا جواب دے، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب امریکا جیسے اتحادی ممالک کثیر الجہتی تجارتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق معاہدوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔

Frankreich EU-Parlament in Straßburg
ماکروں نے کہا ہے کہ برطانیہ کے بلاک سے اخراج کے تناظر ميں یورپی يونين کو 2019ء میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے ایک جاندار مہم  چلانا ہوگیتصویر: picture-alliance/AP Photo/EBS

یورپی یونین کے بيشتر ممالک نے بلاک کے مستقبل کے حوالے سے اپنے شہریوں کے ساتھ بات چیت کا راستہ اپنانے کو کہا ہے۔ ماکروں کے خطاب کے بعد یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود یُنکر  نے کہا کہ یونین صرف فرانس اور جرمنی پر مبنی نہیں ہے۔ ینکر نے کہا کہ فرانس کے صدر کے انتخاب نے دنیا کے سب سے بڑے بلاک کو ایک نئی قوت بخشی ہے۔

جمعرات کو ماکروں جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے برلن میں ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک نے جون تک یورپی یونین ميں جامع اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پيش کرنے پر اتفاق کر رکھا ہے۔

یورپ اور امریکا کے مابین ’تجارتی جنگ‘ فی الوقت ٹل گئی

یورپی یونین کا ’شینگن فوج‘ بنانے کا منصوبہ

یورپی پارلیمنٹ میں ماکروں کے خطاب کے دوران کچھ یورپی پارلیمانی رہنماؤں نے شام میں امریکا، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے مشترکہ فضائی حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ’شام میں جنگ ختم کی جائے‘ کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

ب ج/ ع س (اے پی )