1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی عدالت: شہریوں کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے یورپی ضوابط ختم

امجد علی8 اپریل 2014

آج یورپی عدالتِ انصاف نے یورپی یونین کے اُن متنازعہ ضوابط کو کالعدم قرار دے دیا، جن کے تحت سنگین جرائم کی تحقیقات میں مدد دینے کے لیے تمام شہریوں کے ٹیلیفون اور انٹرنیٹ ڈیٹا کو دو سال کے عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1Bdq4
Diskussion um Vorratsdatenspeicherung
تصویر: picture-alliance/dpa

لکسمبرگ کے ججوں نے اپنے اس تاریخی فیصلے میں کہا ہے کہ کسی ٹھوس وجہ کے بغیر بڑے پیمانے پر شہریوں کا ٹیلی فون اور انٹرنیٹ ڈیٹا محفوظ رکھنا نجی زندگی کے احترام کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یورپی عدالتِ انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آٹھ سال پہلے 2006ء میں طے ہونے والے اِن ضوابط میں ایسی حدود کی کمی ہے، جو عام شہریوں کو حکام کی سُن گُن سے محفوظ رکھ سکیں۔ عدالت کے مطابق اِن ضوابط کو دیکھ کر یہ تاثر ملتا ہے کہ ’نجی زندگیوں کی مستقل طور پر نگرانی کی جا رہی ہے‘۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ بغیر شک و شبے والے مواصلاتی ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کا اقدام زیادہ سے زیادہ محدود ہونا چاہیے۔

لکسمبرگ میں یورپی عدالت کی عمارت
لکسمبرگ میں یورپی عدالت کی عمارتتصویر: picture-alliance/dpa

اس عدالتی فیصلے کے بعد اب یورپی یونین کی حکومتوں کو ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں جلد از جلد ایسے نئے قوانین وضع کرنا پڑیں گے، جو دہشت گردی جیسے سنگین جرائم کو روکنے کے سلسلے میں معاون ثابت ہو سکیں۔ آج کے فیصلے کے بعد جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’سنگین جرائم کی تحقیقات کے لیے ڈیٹا محفوظ رکھنا ضروری ہے اور آئندہ بھی اس کی ضرورت پڑے گی‘۔ ڈے میزیئر نے کہا کہ مخصوص حدود کے ساتھ نئے قوانین جلد از جلد وضع کرنا ہوں گے۔

28 رکنی یورپی یونین میں سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی نے ویسے بھی عدالتی چیلنجوں اور جرمن سیاسی جماعتوں کی طرف سے مخالفت کے باعث 2006ء کے ضوابط کو اب تک نافذ العمل نہیں کیا تھا۔

جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر
جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئرتصویر: picture-alliance/dpa

ان ضوابط میں ٹیلی کمیونیکیشن سہولتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ فون کالز یا آن لائن کمیونیکیشن کے ڈیٹا کو کم از کم چھ مہینے اور زیادہ سے زیادہ دو سال تک کے لیے محفوظ رکھیں۔

اس ڈیٹا سے یہ تو پتہ چلتا ہے کہ کسی مواصلاتی رابطے میں کون کون شریک تھا، کہاں کہاں سے رابطہ اُستوار کیا گیا، کب کیا گیا اور کتنی مرتبہ کیا گیا لیکن یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اُس رابطے کے دوران کن کن معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔ تاہم لکسمبرگ کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ان ضوابط سے بہرحال روزمرہ کے معمولات، عادات اور سماجی تعلقات گویا ’لوگوں کی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت ہی قطعی نوعیت کی معلومات حاصل کی جا سکتی تھیں‘ اور یہ کہ یہ چیز ’ بنیادی حقوق کی خاص طور پر سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے‘۔

مواصلاتی ڈیٹا کے تحفظ کے علمبردار حلقے اس فیصلے پر بے حد خوش ہیں۔ یورپی پارلیمان میں گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن ژان فلیپ نے اس عدالتی فیصلے کو ’یورپ میں شہری حقوق کے لیے ایک بڑی فتح‘ قرار دیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اب تک جمع کیا جانے والا ڈیٹا ’قانون کی پاسداری کے سلسلے میں کوئی قابل ذکر بہتری لانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے‘۔