یورپی سپر کپ بھی بارسلونا کے نام
27 اگست 2011قبل ازیں ہسپانوی سپر کپ بارسلونا نے ریئل میڈرڈ کر تین ایک سے ہرا کر اپنے نام کر لیا تھا۔ ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا کے کوچ پیپ گارڈیولا نے کلب کے ساتھ چار سالوں میں بارہ ٹرافیاں اپنے نام کر لی ہیں۔ اس طرح وہ جان کرف کی گیارہ ٹرافیوں کے ریکارڈ کو تسخیر کر گئے ہیں۔ گارڈیولا کا کہنا ہے کہ وہ اس سیزن میں بھی مزید ٹرافیاں جیتنا چاہیں گے۔ خیال رہے کہ بارسلونا گزشتہ سیزن میں ہسپانوی فٹ بال لیگ ’لا لیگا‘ اور یورپی چیمپیئنز لیگ کی بھی فاتح ہے۔ گارڈیولا دو چیمپیئنز لیگ ٹائٹلز، تین لا لیگا، تین ہسپانوی سپر کپ، دو یورپی سپر کپ اور ایک کلب ورلڈ کپ جیت چکے ہیں۔
جمعے کو کھیلے گئے یورپی سپر کپ کا پہلا گول ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے لیونیل میسی نے اس وقت کیا، جب پورٹو کے ایک دفاعی کھلاڑی کا پاس چوک گیا۔ میسی نے اس غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے گیند گول میں دھکیل دی۔ دوسرا گول برطانوی کلب آرسنل سے حال ہی میں بارسلونا کی ٹیم میں شمولیت اختیار کرنے والے فابرگاس نے کیا۔ فابرگاس کا تعلق اسپین ہی سے ہے۔ فابر گاس کے اس گول میں میسی نے بھرپور کردار ادا کیا۔ میسی کے اٹھتے ہوئے ایک غیر معمولی پاس کو فابرگاس نے کمال چستی اور خوبصورتی کے ساتھ گول میں پہنچا دیا۔ آرسنل کے سابق کپتان فابرگاس بارسلونا کلب میں واپس آنے کے فوراً بعد ہی دو ٹرافیاں جیت چکے ہیں۔ آرسنل میں وہ جتنا عرصہ رہے، وہ کوئی بھی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہے۔
ایف سی برسلونا پیر کے روز لا لیگا کے موجودہ سیزن کا اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف توقیر