1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں سنگلز کے لئے پہلا ہوٹل

28 مئی 2010

سنگل رہنے میں کوئی حرج تو نہیں لیکن اِس طرح کی زندگی گزارنا مشکل ضرور ہے۔ سنگلز کو’ مِنگل‘ کرنے کے لئے نت نئے طریقے روشناس کرائے جاتے ہیں۔ اب یورپ میں سنگلز کے لئے اَویوا Meet Friends کے پہلے ہوٹل کا افتتاح ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/NcbI
تصویر: DW-TV

دو دلوں کو ملانے کا سلسلہ پہلے اخبارات اور رسائل سے شروع ہوا، پھر انٹرنیٹ پرایسی ویب سائٹس نے کنواروں کی زندگی آسان بنانے کی کوشش کی۔ بلائنڈ ڈیٹس بھی بہت عرصے تک خبروں میں رہیں۔ دوستو ابھی کچھ عرصہ پہلے دلوں کو ملانے کے لئےجرمنی میں ویلینٹائنز ڈے پر فلرٹ ایکسپریس بھی چلائی گئی تھی۔ لیکن اگرکوئی ان ساری سہولیات کے بعد بھی اپنا پارٹنر تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں تو اسے بھی مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے نوجوانوں کے لئے اب ایک اور موقع یورپ کے پہلے سنگلز ہوٹل کی صورت میں فراہم کیا جا رہا ہے۔

Film A Single Man Flash-Galerie
ہوٹل میں ایک کمیونیکیشن لاؤنج بنایا گیا ہے۔ یہاں مختلف میزیں لگائی گئیں ہیں، جہاں سنگلز بیٹھ کر بات چیت کر سکتے ہیںتصویر: Central Film Verleih

یورپ میں چھٹیاں گھروں پر نہیں بلکہ کسی دوسرے شہر یا تفریحی مقام پر گزرانے کا رواج ہے۔ اگر کوئی سنگل ہے تو اس کے لئے چھٹیاں اکیلے گزرانا آسان نہیں ہوتا۔ پارٹی، دوستی، ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت، یہ ہے AVIVA، یورپ میں سنگلز یا کنواروں کا پہلا ہوٹل۔

آسٹریا میں سینٹ اسٹیفن کے مقام پر قائم کیا گیا یہ ہوٹل فور اسٹار ہے۔ اس ہوٹل میں نوجوانوں کو یہ موقع دیا جاتا ہےکہ وہ نہ صرف اپنا پارٹنر تلاش کرنے یہاں آ سکتے ہیں بلکہ کسی بڑے ایونٹ پر گروپ کی صورت میں بھی یہاں آ کر تفریح کر سکتے ہیں۔ ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اویوا میں نوجوانوں کی دلچسپی کا مکمل خیال رکھا گیا ہے، بیچ پارٹیاں اور بیچ والی بول کے مقابلے یعنی پورے سال پارٹی کا ماحول ہی ملے گا۔ ایک اور خاص بات یہ ہے کہ ہر مہمان اپنی مرضی سے چھٹیوں کا پلان بنا سکتا ہے۔ لیکن اس کی ضرورت کم ہی پیش آتی ہے، کیونکہ ہوٹل کا اپنا پلان ہی بھرپور ہے اور اس میں ہر پہلو کا خیال رکھا گیا ہے۔ یعنی ’بور ہونے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘۔

Singlebörse im Internet
ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اویوا میں نوجوانوں کی دلچسپی کا مکمل خیال رکھا گیا ہےتصویر: dpa/so

ہوٹل اویوا میں سو کمرے ہیں اوراس کا ایک اپنا ڈسکو بھی ہے، جو جمعرات کے علاوہ ہر روز کھلتا ہے۔ اگلے ماہ سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران بھی پورا ہوٹل بکڈ ہے۔ ہوٹل میں ایک کمیونیکیشن لاؤنج بنایا گیا ہے۔ یہاں مختلف میزیں لگائی گئیں ہیں، جہاں سنگلز بیٹھ کر بات چیت کر سکتے ہیں۔ کوشش کی جاتی ہے کہ ہر میزپر لڑکے بھی ہوں اور لڑکیاں بھی تاکہ بات چیت اور ملاقات میں آسانی رہے۔

ہوٹل اویوا کا موسم گرما کا سیزن انتیس مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ اس روز Flower Power Party منعقد ہوگی اور پھر پانچ جون کو یہ ہوٹل گلابی ہو جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہوٹل میں ’پنک پارٹی‘ شروع ہو گی اور اس میں پنک ڈریس کوڈ رکھا گیا ہے۔ پھر جولائی میں ہونے والی پارٹی کا نام ’Colour your night in White‘ ہے اور اس میں پارٹی میں شرکت کرنے والے ہر نوجوان کو سفید کپڑے پہننے ہوں گے۔ اس طرح اویوا کے پارٹی کیلنڈرپراور بھی بہت سے پروگرام مختلف موٹوز کے ساتھ موجود ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: امجد علی