یورو کپ: پولینڈ پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں
25 جون 2016ہفتے کے روز یورو کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے ایک میچ میں پولینڈ نے سوئٹزرلینڈ کو پنلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
میچ کا پہلا گول پولینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی نے انتالیسویں منٹ میں کیا تھا۔ سوئٹزرلینڈ کی جانب سے میچ کے دوسرے ہاف میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور بیاسی ویں منٹ میں مشہور کھلاڑی ژاکیری نے ایک زبردست ’بائی سائیکل کِک‘ کے ذریعے میچ برابر کر دیا۔
ژاکیری کے گول کے نتیجے میں میچ اضافی وقت میں چلا گیا تاہم اس دوران دونوں ٹیمیں گول نہ کر سکیں اور میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ پولینڈ نے پانچوں پنلٹیاں اسکور کیں جب کہ سوئٹزرلینڈ نے ایک پنلٹی ضائع کر دی۔
دو اہم میچ
آج ہفتے کے روز ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے درمیان بھی ایک میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ کے کانٹے دار ہونے کا امکان ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ گروپ راؤنڈ میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
رات گئے پرتگال کی ٹیم کروشیا کے مد مقابل ہو گی۔ جہاں کورشیا نے گروپ راؤنڈ میں زبردست کارکردگی دکھائی اور گروپ میں اوّل نمبر پر رہی، وہاں پرتگال کی ٹیم عالمی شہرت یافتہ ریئل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے ہوتے ہوئے بھی کوئی میچ نہ جیت سکی اور گروپ میں تیسرے نمبر پر رہی۔
نگاہیں رونالڈو کی طرف
توقع کی جا رہی ہے کہ رونالڈو گروپ راؤنڈ میں خراب کارکردگی کے بعد اب ناک آؤٹ میچوں میں اس سطح پر آ جائیں گے جو کہ وہ اپنے ہسپانوی کلب کے لیے کھیلتے ہوئے عمومی طور پر دکھاتے ہیں۔ تاہم کروشیا کی ٹیم خاصی مضبوط ہے۔ کروشیا کی ٹیم نے دفاعی یورو چیمپئن اسپین کو گروپ راؤنڈ میں دو ایک سے شکست دی تھی۔ کروشیا کی اس ٹیم کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ملک کی اب تک کی بہترین ٹیم ہے۔ اس ٹیم کے لیے ریئل میڈرڈ کے مِڈ فیلڈر مورڈچ اور بارسلونا کلب کے کھلاڑی راکیٹچ بھی کھیلتے ہیں۔
جرمنی کے لیے اچھی خبر
دوسری جانب جرمن ٹیم، جو اپنا میچ اتوار کے روز سلوواکیہ کے خلاف کھیلے گی، کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ دفاعی کھلاڑی جیریمی بواٹینگ فِٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔ ان کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ شاید سلوواکیہ کے خلاف جرمن اسکواڈ میں شامل نہ ہو سکیں۔