1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو سے انخلاء پر یونین کے خلاف مقدمے کی یونانی دھمکی

مقبول ملک30 جون 2015

یونانی وزیر خزانہ کے مطابق اگر یونان کو یورپی کرنسی یورو سے نکالا گیا تو ایتھنز حکومت یورپی یونین کے خلاف مقدمہ دائر کر دے گی۔ یونان کے پاس آئی ایم ایف کو قرضے کی ایک بڑی قسط کی واپسی کے لیے مہلت آج پوری ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Fpuw
Giannis Varoufakis
یونانی وزیر خزانہ یانِس واروفاکِستصویر: Reuters/Y. Herman

برطانوی دارالحکومت لندن سے منگل تیس جون کو موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق شدید مالیاتی بحران کے شکار ملک یونان کے وزیر خزانہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر یورپی یونین کے یورو زون کے ملکوں پر مشتمل یورو گروپ نے یونان کو یورپی مالیاتی اتحاد سے نکالنے کا فیصلہ کیا تو ایتھنز اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی امکانات بروئے کار لائے گا۔

یونانی وزیر خزانہ یانِس واروفاکِس نے برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلیگراف کے آن لائن ایڈیشن میں پیر کو رات گئے شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہا، یورپی یونین کے معاہدوں میں یورو زون کے رکن کسی بھی ملک کے یورپی کرنسی اتحاد سے اخراج سے متعلق کوئی شق موجود ہی نہیں۔ ہم ایسے کسی بھی ممکنہ انخلاء کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں۔‘‘

ڈیلی ٹیلیگراف کے مطابق یانِس واروفاکِس نے کہا کہ یورو زون میں یونان کی رکنیت ایک ایسا معاملہ ہے، جس پر کسی بھی طرح کی بات چیت ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا، ’’یونان اس سلسلے میں قانونی ماہرین سے رائے لے رہا ہے اور اس بات پر بھی غور کرے گا کہ یورپی عدالت انصاف میں یورپی یونین کے خلاف فیصلے کے لیے درخواست دائر کر دی جائے۔‘‘ وزیر خزانہ کے بقول اس حوالے سے یونان اپنے ان جملہ قانونی حقوق کو استعمال میں لائے گا، جو اسے حاصل ہیں۔

Symbolbild Griechenland Schuldenkrise
یونان کے لیے مالیاتی بیل آؤٹ پیکج کی مدت آج منگل تیس جون کو پوری ہو رہی ہےتصویر: Reuters/Y. Behrakis

یونان میں وزیر اعظم سِپراس کی حکومت موجودہ مالی بحران کے تناظر میں کل پیر انتیس جون کے دن سے ملک کے تمام تجارتی بینکوں اور ایتھنز میں سٹاک ایکسچینج کو ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کا اعلان کر چکی ہے۔ یونان کے لیے بین الاقوامی قرض دہندگان کی طرف سے مہیا کردہ بیل آؤٹ پیکج کی مدت آج منگل تیس جون کو پوری ہو رہی ہے۔

آج ہی منگل کا دن ختم ہونے تک ایتھنز حکومت کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کو 1.6 بلین یورو کی قرضوں کی ایک قسط لازمی طور پر واپس کرنا ہے۔ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے کئی دن پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اگر یونان نے یہ قسط وقت پر ادا نہ کی تو اس کے لیے اپنے ذمے مالی ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے کے باعث دیوالیہ پن سے بچنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

دوسری طرف یونانی وزیر اعظم الیکسِس سِپراس نے ابھی کل پیر کے روز ہی کہا تھا کہ اگر یونان کا اسے قرض دینے والے اداروں کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو ایتھنز آئی ایم ایف کو آج تیس جون نصف شب تک کی مدت پوری ہونے تک 1.6 بلین یورو کی قرضوں کی قسط واپس نہیں کرے گا۔