1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو زون کی صنعتی پیداوار رُو بہ زوال

3 جنوری 2012

یورو زون خطے میں مسلسل پانچویں مہینے میں بھی صنعتی پیداوار میں کمی دیکھی گئی ہے۔ دسمبر میں صنعتی پیداوار کی صورتحال نومبر کے مقابلے میں معمولی سے بہتر رہی، جو ایک امید افزاء اشارہ ہے۔

https://p.dw.com/p/13d4k
تصویر: picture-alliance/chromorange

تازہ ترین سروے کے مطابق یورو زون کی بڑی اقتصادیات جرمنی اور فرانس میں شرح روزگار بہتر رہی اور بقیہ تمام ممالک میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ دسمبر میں صنعتی پیداوار کی شرح 46.9 رہی جو نومبر کی انڈسٹریل مینوفیکچرنگ کے مقابلے میں بہتر تھا۔ نومبر میں صنعتی پیداوار کی اوسط 46.4 تھی جو گزشتہ اٹھائیس مہینوں میں کم ترین سطح تھی۔ اس سروے کے عام ہونے کے بعد جرمنی، فرانس اور اٹلی کی مالی منڈیوں میں تیزی دیکھی گئی۔

جرمنی میں روزگار کی منڈی کے حالات کے بہتر اشارے پر فرینکفرٹ میں کی اسٹاک مارکیٹ میں حصص کے مجموعی کاروبار میں تین فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح پیرس میں بھی بے روزگاری میں کمی سامنے آنے پر پیرس کے بازار حصص میں تیزی پیدا ہونے کے بعد حصص کی خرید و فروخت کے بنیادی انڈیکس میں دو فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس خبر سے پیرس کے مقابلے میں میلان کی اطالوی اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی کاروبار کے دوران 2.4 کا اضافہ دیکھا گیا۔

Infografik Wirtschaftswachstum 2011/2012 Vergleich Spanisch
یورو زون کو کساد بازاری کا خطرہ لاحق ہے

جرمنی میں روزگار کے حصول میں سن 2011 میں ایک نیا ریکارڈ سامنے آیا اور کل 41 ملین افراد مختلف شعبوں میں ملازمت میں مصروف ہیں۔ اسی طرح جرمنی میں خریداروں نے بھی بازروں کا رخ کر کے جرمن اقتصادیات کو مزید تقویت دی۔ جرمن ایوان ہائے صنعت و تجارت کے مطابق سن 2011 کے دوران خریداروں کی بازاروں میں شاپنگ گزشتہ دس برس کے دوران سب سے بلند سطح پر تھی۔

مجموعی طور پر یورو زون کی صنعتی پیداوار میں مسلسل پانچویں مہینے بھی کمی کا رجحان جاری رہا۔ آخری سہ ماہی میں انڈسٹریل آؤٹ پُٹ میں کمی تقریباً ڈیڑھ فیصد (1.5%) کے حساب سے جاری رہی۔ سروے کرنے والے ادارے مارکیٹ (Markit) کے مطابق یورو زون ملکوں کو صنعتی پیداوار میں کمی کے علاوہ نئے پروڈکشن آرڈرز میں بھی کمی کا سامنا ہے۔ مارکیٹ (Markit) کے چیف اکانومسٹ کرس ولیم سن کا یہ کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ یورو زون کا پیداواری شعبہ کساد بازاری کی گرفت میں آ رہا ہے۔

کرس ولیم سن کے خیال کی تائید کئی ماہرین اقتصادیات کرتے ہیں اور ان کے مطابق یورو زون کی مجموعی معیشت اس وقت کسادبازاری کی لپیٹ میں ہے کیونکہ جولائی تا ستمبر اس کی شرح پیداوار 0.2 فیصد رہی تھی۔ مارکیٹ ادارے کے مطابق اٹلی، یونان اور اسپین کی معیشت مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ اسی طرح چیک جمہوریہ میں بھی اقتصادی مشکلات نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔

Flash-Galerie Bildergalerie Gesichter des Jahres 2011 International Jahresrückblick
میرکل اور سارکوزی کے خیال میں نیا سال اقتصادی طور پر مشکل ہو گاتصویر: picture alliance/dpa

مارکیٹ (Markit) کا سروے Purchasing Managers Indexes (PMIs) کہلاتا ہے۔ اس سروے کے مطابق بازاروں میں مسلسل تیسرے مہینے قیمتوں میں کمی کا رجحان میں دیکھا گیا۔

فرانس کے صدر اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس ماہ کی نو تاریخ کو ایک بار پھر ملاقات کر رہے ہیں اور اس میں وہ یورپی کونسل کے ساتھ اس ماہ کے آخر میں ہونے والی میٹنگ کے ایجنڈے کو زیر بحث لائیں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں