1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوآخم لوئیو جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ رہیں گے

20 جولائی 2010

یوآخم لوئیو جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ کے طور پر بدستور اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ جرمن فٹ بال فیڈریشن نے یوآخم لوئیو کے ساتھ کئے گئے اُس معاہدے کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، جو جلد ہی ختم ہونے والا تھا۔

https://p.dw.com/p/OPyl
تصویر: AP

جرمن فٹ بال فیڈریشن نے یوآخم لوئیو کے ساتھ ساتھ ٹیم مینیجر اولیور بیئر ہوف، نائب ٹرینر ہانز ڈیٹر اور گول کیپنگ کے کوچ آندریاز کُوپکے کے معاہدے بھی دو سال تک کے لئے بڑھا دئے ہیں۔ جرمن فٹ بال فیڈریشن کے صدر تھیو سوانسیگر نے ان معاہدوں میں توسیع کی تصدیق فرینکفرٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کی ہے۔ تھیو سوانسیگر نے کہا، وہ جرمنی میں فٹ بال فینز کو یہ خوشخبری دینا چاہتے ہیں کہ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم سے منسلک تمام اہم عہدوں پر فائز افراد کو اپنے ذمہ داریاں نبھاتے رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فٹ بال فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری کے ساتھ صلاح و مشورے کے بعد ان سب کے معاہدوں میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی تھیو سوانسیگر نے اس امید کا اظہار کیا کہ یوآخم لوئیواگلے دو سالوں تک اسی متاثر کن انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے، جس کا کہ وہ اب تک مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔

Joachim Löw Theo Zwanziger Pressekonferenz Frankfurt am Main
جرمن فٹ بال فیڈریشن کے صدر تھیو سوانسیگر نے ان معاہدوں میں توسیع کی تصدیق کر دی ہےتصویر: AP

فٹ بال کے عالمی کپ میں شکست کھانے والی ٹیموں کےکھلاڑیوں اور کوچز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ارجنٹائن کے ڈیگو میراڈونا، انگلینڈ کے فابیو کاپیلو اور برازیل کے کوچ کارلوس ڈُنگا ان میں سرفہرست ہیں۔ کارلوس ڈُنگا کو تو ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے فارغ بھی کر دیا ہے۔ فٹ بال کا اگلا عالمی کپ برازیل میں منقعد ہو گا۔ اسی وجہ سے اب وہاں ایک ایسے کوچ کی تلاش جاری ہے، جو عالمی کپ کی میزبانی کا بھرم رکھ سکے۔ برازیل کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اس کام میں جلدی نہیں کی جائے گی۔

NO FLASH Fußball WM Training Mannschaft Deutschland
عالمی کپ میں جرمن ٹیم ٹورنامنٹ کی کم عمر ترین اور ناتجربے کار ٹیموں میں سے ایک تھیتصویر: AP

یوآخم لوئیو 2004ء سے جرمن ٹیم سے منسلک ہیں۔ پہلے انہوں نے نائب کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں اور پھر 2006ء کے عالمی کپ میں اُس وقت کے ٹرینر یرگن کلینزمن کے استعفے کے بعد انہوں نے جرمن ٹیم کے کوچ کا عہدہ سنبھالا۔ جنوبی افریقہ میں حال ہی میں ختم ہونے والے عالمی کپ میں جرمن ٹیم ٹورنامنٹ کی کم عمر ترین اور ناتجربے کار ٹیموں میں سے ایک تھی۔ تاہم ٹورنامنٹ کے دوران نہ صرف جرمن ٹیم نے سب سے زیادہ گول کئے بلکہ ارجنٹائن اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کوشکست بھی دی۔ یوآخم لوئیو نے کہا کہ جرمن فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ ان کا تعلق بہت گہرا ہے اور کام کے حالات بھی بہت ہی سازگار ہیں۔ وہ اپنی پوری ٹیم کے ساتھ اس فیصلے پر خوش ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: امجد علی