1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ٹیوب کا ٹی وی پروگرام، جرمنی میں بھی

11 اکتوبر 2012

ویڈیو پلیٹ فارم یو ٹیوب نے اب جرمنی میں بھی اپنا ایک ٹیلی وژن پروگرام نشر کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس میں کھیل، صحت، کاروں اور مزاح کے شعبوں کے الگ الگ چینل ہیں۔ اشتہاروں کی مَد میں کروڑوں کی آمدنی متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/16Nx0
تصویر: youtube

جہاں اب تک یو ٹیوب کے صارفین ہی اپنی تیار کردہ فلمیں اس ویڈیو پلیٹ فارم پر اَپ لوڈ کر رہے تھے، وہاں اب گوگل کے اس ویڈیو پلیٹ فارم نے ایسا مواد نشر کرنے کا پروگرام بنایا ہے، جو تیار ہی یو ٹیوب کے لیے کیا جاتا ہے۔

امریکا میں یہ ادارہ گزشتہ سال ہی سے ایک سو ایسے ’اوریجنل چینل‘ شروع کر چکا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک سو ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اب ان چینلز میں مزید ساٹھ نئے چینلز کا اضافہ کیا گیا ہے، جو فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے صارفین کے لیے پروگرام نشر کریں گے۔ دو سال کے عرصے پر محیط آزمائشی نشریات کے لیے یو ٹیوب نے مزید دو سو ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔ اس آزمائشی عرصے کے دوران یہ دیکھا جائے گا کہ آیا یہ چینلز اشتہاروں کی مدد سے اپنے لیے خود مالی وسائل پیدا کر سکتے ہیں یا نہیں۔

جرمنی میں مجموعی طور پر گیارہ تفریحی چینلز کا پروگرام بنایا گیا ہے، جن میں ابھی تک محض چند ایک تک ہی رسائی ممکن ہے اور اُن میں سے بھی صرف ایک یعنی کاروں سے متعلق چینل پر کچھ پروگرام دکھائی دے رہے ہیں۔ دیگر چینلز پر صرف مختصر تعارفی ویڈیو فلمیں ہی دیکھی جا سکتی ہیں۔ کھیلوں کے چینل کے بارے میں شنید ہے کہ یہ وسط نومبر سے پروگرام پیش کرنے لگے گا۔

یو ٹیوب اپنے اس آزمائشی منصوبے پر کروڑوں ڈالر خرچ کر رہا ہے
یو ٹیوب اپنے اس آزمائشی منصوبے پر کروڑوں ڈالر خرچ کر رہا ہے

یو ٹیوب کا کہنا ہے کہ ان چینلز پر محض چند منٹ دورانیے کی مختصر فلمیں دیکھی جا سکیں گی۔ ان فلموں کی تیاری تخلیقی ذہن رکھنے والے نئے فلمسازوں اور پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والی ایسی پروڈکشن فرموں کی ذمہ داری ہو گی، جو عام طور پر ٹیلی وژن کے لیے پروگرام تیار کرتی ہیں۔ یہ فلمساز اور فرمیں اپنی تیار کردہ مختصر فلموں کی یو ٹیوب چینلز پر نمائش کے دوران اشتہارات سے ہونے والی آمدنی میں بھی حصے دار ہوں گی۔

جو شخص بھی یو ٹیوب پر کوئی فلم دیکھنے کے لیے کلِک کرے گا، اُسے وہاں پہلے ہمیشہ ایک اشتہار دیکھنا پڑے گا۔ اگرچہ صارفین اس اشتہار کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ سکیں گے لیکن یو ٹیوب کو اس کا پتہ چل جایا کرے گا اور اگلی مرتبہ اُس صارف کو کوئی مختلف اشتہار دکھایا جائے گا۔ یہاں تک کہ بتدریج یو ٹیوب ایک ایسا ٹی وی پروگرام تیار کر سکے گا، جو اُس مخصوص صارف کی عادات کے عین مطابق ہو گا۔

ابھی جرمنی میں اشتہارات کے کاروبار میں انٹرنیٹ پر ویڈیوز کی شکل میں پیش کیے جانے والے اشتہارات کا تناسب بہت کم ہے۔ سن 2011ء میں آن لائن اشتہارات کی مَد میں محض تقریباً 195 ملین یورو کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ ٹیلی وژن پر اشتہارات کے کاروبار کا حجم چار ارب یورو رہا۔

M. Koch / aa / mm