1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن دوسرا افغانستان بن سکتا ہے: یورپی یونین

رپورٹ: شامل شمس، ادارت: مقبول ملک18 جون 2009

یورپی یونین کے انسدادِ دہشت گردی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یمن کے دوسرا افغانستان اور اسلام پسند عسکریت پسندوں کی پناہ گاہ بن جانے کا خطرہ ہے۔

https://p.dw.com/p/ISS0
جمعہ کے روز نو غیر ملکیوں کے اغوا کے بعد یمن میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہےتصویر: AP

بدھ کے روز الجزائر میں انسدادِ دہشت گردی کے موضوع پر ہونے والی ایک کانفرنس میں یورپی یونین کے انسدادِ دہشت گردی کے یونٹ کے سربراہ گیل دے کیرشوو نے خدشہ ظاہر کیا کہ یمن میں انتہا پسندوں کی بڑھتی ہوئی طاقت کی وجہ سے اس ملک میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے اور یورپی یونین یمن کو افغانستان اور پاکستان کی صف میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

Jemen Deutschland Entführung Todesopfer
منگل کے روز اغوا ہونے والی تین خواتین کی لاشیں برآمد کی گئیںتصویر: AP

واضح رہے کہ گیل دے کیرشوو کا یہ بیان جمعہ کے روز تین غیر ملکی خواتین کی اغواء کے بعد ہلاکت کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ اس واردات میں نامعلوم افراد نے نو غیر ملکیوں کو اغواء کرلیا تھا جن میں دو جرمن خواتین کے علاوہ ایک جرمن کنبے کے پانچ افراد بھی شامل ہیں۔

جرمن وزیرِ خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ہونے والی تین خواتین میں سے دو اغواء شدہ جرمن شہری ہیں تاہم یمن میں جرمن سفارت خانہ ابھی اس کی تصدیق کر رہا ہے۔ دوسری جانب یمنی حکام نے اغواء شدہ غیر ملکی شہریوں کی بازیابی کے لئے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

یورپی یونین کے انسدادِ دہشت گردی کے سربراہ کے مطابق یمن ایک کمزور ریاست ہے اور بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ اس کی معاونت کرے۔

Karte Jemen Yemen Stadt und Region Saada Sada Deutsch
یمن کو نہ صرف سعودی عرب پر حملوں کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے بلکہ وہاں سے خلیج عدن میں موجود صومالی قزاقوں کی مدد بھی کی جاسکتی ہےتصویر: DW


واضح رہے کہ غریب ترین عرب ملک یمن میں القاعدہ کے اثر و رسوخ کے علاوہ تیل سے مالامال جنوبی حصے میں قبائلی جھگڑے بھی عام ہیں۔ مغربی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یمن میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا تو القاعدہ اس کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کرسکتی ہے۔ یمن کو نہ صرف سعودی عرب پر حملوں کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے بلکہ وہاں سے خلیج عدن میں موجود صومالی قزاقوں کی مدد بھی کی جاسکتی ہے۔

Jemen Deutschland Entführung Altstadt in Sanaa
غریب ترین عرب ملک یمن میں القاعدہ کا اثر و رسوخ ہےتصویر: AP


پاکستان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے گیل دے کیرشوو نے کہا کہ ان کو حال ہی میں کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے رہنما حافظ محمد سعید کی رہائی پر افسوس ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے ذریعے القاعدہ کے متعدد رہنماؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ حملے پاکستان میں ناپسند کئے جاتے ہیں اور پاکستان کی خودمختاری کا احترام کیا جانا بھی ضروری ہے۔