1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنڈوراس: جیل میں آتشزدگی سے 377 قیدیوں کی موت

16 فروری 2012

وسطی امریکی ملک ہنڈوراس کے دارالحکومت کے شمال میں واقع ایک جیل میں آگ لگ جانے کی واقعے میں حکام کے مطابق ساڑھے تین سو سے زائد قیدی جھلس کر یا گہرے دھوئیں کی لپیٹ میں آ کر دم گھٹ جانے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/143ts
جیل کے باہر قیدیوں کے رشتہ داروں کا ہجومتصویر: Reuters

ہنڈوارس کے دارالحکومت تیگوسی گالپا کے شمال مغرب میں پچھتر کلو میٹر کی مسافت پر کومایاگُوا (Comayagua) کے مقام پر واقع جیل میں منگل کی رات کے دوران آگ بھڑک اٹھنے کے واقعے میں کم از کم 377 قیدیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ اس واقعے کی تصدیق ہنڈوراس کے اٹارنی جنرل کے دفتر کی جانب سے سامنے آئی ہے۔ حکام کے مطابق جیل کی کوٹھریوں میں آگ سے جھلسے قیدی ناقابل شناخت ہو کر رہ گئے تھے۔ اب جلی ہوئی لاشوں کے ڈی این اے (DNA) ٹیسٹ کر کے ان کی شناخت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ کومایاگُوا کی جیل میں مقررہ تعداد سے زائد قیدی رکھے گئے تھے۔ آگ لگنے کے بعد جیل کا منظر انتہائی اندوہناک تھا۔ جیل میں بنائی گئی کوٹھریوں میں قیدی مدد کے لیے پکارتے پکارتے آگ کی نذر ہوتے گئے۔ گہرا دھواں کئی کوٹھریوں میں داخل ہو گیا اور اندر مقید قیدی تازہ ہوا کی عدم موجودگی کی وجہ سے دم گھٹ کر مر گئے۔ ابھی تک یہ طے نہیں ہو سکا کہ جیل میں آگ کسی حادثے کا سبب تھی یا کسی کی دانستہ کوشش تھی۔

Gefängnisbrand in Honduras
آگ سے متاثر ہونے والی جیل کا مرکزی دروازہتصویر: picture-alliance/dpa

ایک حکومتی اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھ کر نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ آگ میں سے بچ جانے والے آٹھ قیدیوں کے مطابق ایک قیدی نے اپنے فوم کے گدے کو آگ لگائی تھی اور پھر یہ آگ پھیلتی چلی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق آگ پھیلنے سے جیل میں افراتفری کا عالم پیدا ہو گیا تھا۔ ایک قیدی نے رپورٹرز کو بتایا کہ جیل کی بعض کوٹھریوں کی چھتوں کو توڑ کر قیدیوں نے اپنی زندگیاں بچائی تھیں۔

قیدیوں کے لواحقین جیل میں آگ لگنے کی خبر پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے اور انہوں نے جیل کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران ان کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس کا سہارا لینا پڑا۔ لواحقین میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دوسری جانب ہنڈوراس کے صدر پوخفیریو لوبو (Porfirio Lobo) نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دینے کے علاوہ جیل کے نگران سربراہ کو معطل کردیا ہے۔

سن 2003 کے بعد سے ہنڈوراس کی جیلوں میں یہ تیسرا آتشزدگی کا وقوعہ ہے۔ کومایاگُوا کی جیل میں لگنے والی آگ کا واقعہ ہلاکتوں کی تعداد کے مطابق لاطینی امریکہ کی جیلوں کا سب سے المناک واقعہ ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  شادی خان سیف