1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہسپانوی آبادی کو کورونا کی ویکسین لگانے کا جامع پروگرام

20 نومبر 2020

ہسپانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کی بیشتر آبادی کو اگلے برس کے وسط تک ویکسین لگا دی جائے گی۔ اسپین میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پندہ لاکھ سے زائد ہے۔

https://p.dw.com/p/3lcN3
Symbolbild Impfung
تصویر: Robin Utrecht/picture alliance

ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز کا کہنا ہے کہ سن 2021 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران ملک کی بیشتر آبادی کو کورونا وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین لگا دی جائے گی۔ اسپین کی آبادی سینتالیس ملین کے لگ بھگ ہے۔ پیدرو سانچیز کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس پلان کی باضابطہ منظوری وزیر اعظم کی کابینہ کے اجلاس میں لی گئی ہے۔

کورونا وائرس: امریکا میں ڈھائی لاکھ سے بھی زیادہ ہلاکتیں

ویکسین 60 برس سے زائد عمر کے افراد کے لیے زیادہ مؤثر، فائزر

جرمنی اور اسپین کا ویکسین پلان

یورپ یونین کی رکن ریاستوں میں جرمنی اور اسپین نے اب تک اپنی ملکی آبادی کے لیے ویکسین لگانے کی پلاننگ مکمل کی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی طرح ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر پر پریشانی کا اظہار مسلسل کر رہے ہیں۔ ویکسین لگانے کے حوالے سے سانچیز کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں پوری طرح اب تیار ہیں کیونکہ ویکسین لگانے کے پروگرام پر رواں برس ستمبر سے حکومتی سطح پر غور و فکر اور منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس پروگرام سے یورپی یونین میں جرمنی کے ساتھ ساتھ اسپین پہلا ملک ہو گا، جس کی عوام کو ویکسین لگانے کے جامع پلان پر عمل کیا جائے گا۔

اسپین اور کورونا وبا

کورونا وائرس کی وبا نے اسپین کے شہریوں کے ساتھ ساتھ اس کی معیشت اور معاشرت کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ اس ملک میں کورونا وائرس نے پندرہ لاکھ چوہتر پزار سے زائد افراد کو اپنی گرفت میں لیا اور ان میں سے پندرہ لاکھ چودہ ہزار کو صحت یابی نصیب ہوئی۔ اس وائرس سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس کی وجہ سے بیالیس ہزار دو سو اکانوے افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ فرانس کے بعد وائرس کی لپیٹ میں سب سے زیادہ افراد اسپین میں آئے ہیں۔ فرانس میں اس بیماری نے بیس لاکھ افراد کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا اور ہلاکتوں کی تعداد سینتالیس پزار ایک سو ستائیس ہے۔

ہسپانوی حکومت اور ویکسین کی خریداری

اسپین کے وزیر صحت سلواڈور اِیّا کا کہنا ہے کہ میڈرڈ حکومت نے ویکسین کی ساڑھے اکتیس ملین خوراکیں خریدنے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اسپین آکسفورڈ یونیورسٹی اور کثیر القومی برطانوی فارماسوٹیکل ادارے ایسٹرا زینکا کی ویکسین خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ یہ ویکسین بھی اپنے تیاری کے آخری مرحلے میں ہے اور اس کا ڈیٹا بھی بہت حوصلہ افزاء بتایا گیا ہے۔ ریسرچرز اور ماہرین نے اس کو بھی ایک مؤثر ویکسین قرار دیا ہے۔ رواں برس دسمبر میں آکسفورڈ ایسٹرا زینکا ویکسین کی سپلائی اسپین کو شروع کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کئی اور فارماسوٹیکل کمپنیاں بھی اپنی اپنی ویکسین مارکیٹ کرنے والی ہیں۔ ان میں خاص طور پر فائزر اور موڈیرنا شامل ہیں۔ اس کا امکان ہے کہ ادویات کی نگرانی کرنے والا یورپی ادارہ ابتدا میں تمام ویکسین کی مشروط منظوری دے گا اور ان کی کامیابی کے نتائج کی روشنی میں مزید کارروائی مکمل کی جائے گی۔ یورپی یونین کی صدر نے اس انداز کی منظوری دینے کی تصدیق کا عندیہ دے رکھا ہے۔

ع ح، ع ت (اے ایف پی، ڈی پی اے)