ہاٹ ایئر بیلون ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں میں ٹکرا گیا
1 اکتوبر 2018پولیس کے مطابق گرم ہوا سے اڑنے والا یہ غبارہ بوٹروپ نامی شہر میں اس حادثے کا شکار ہوا۔ یہ غبارہ زمین سے 70 میٹر کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا جب یہ انتہائی طاقتور بجلی کی لائن کے ایک کھمبے میں جا الجھا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق اس غبارے پر سوار تمام چھ افراد کو بچا لیا گیا۔ اس مشکل آپریشن میں آخری شخص کو مقامی وقت کے مطابق رات 11:20 پر بحفاظت اُتارا گیا۔ یہ غبارہ ٹکرانے کے پانچ گھنٹوں سے بھی زائد وقت بنتا ہے۔ ان تمام افراد کو حفاظتی اقدامات کے طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق تمام چھ افراد خیریت سے تھے اور وہ فائر بریگیڈ کے عملے سے بذریعہ فون بات چیت کرنے کے قابل تھے۔
فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان کے مطابق اس مشکل آپریشن کے لیے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی جبکہ غبارے کے ساتھ منسلک بڑی سی ٹوکری کو اس طرح محفوظ کیا گیا کہ وہ نیچے نہ گرے۔ جس کے بعد رسوں کے ذریعے ان تمام افراد کو ایک ایک کر کے نیچے اتارا گیا۔
ترجمان کے مطابق غبارے پر سوار یہ تمام افراد اس حوالے سے خوش قسمت رہے کہ صرف غبارہ تاروں سے ٹکرایا اور اس کی باسکٹ یا ٹوکری جس میں یہ لوگ سوار تھے براہ راست بجلی کی تاروں سے نہیں ٹکرائی۔
رواں برس جون میں ایک ہاٹ ایئر بیلون ایسن کے قریبی علاقے مؤنسٹرلانڈ میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ا ب ا / ع ت (خبر رساں ادارے)