1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ میں کیمیائی منشیات کی تیاری، سالانہ مالیت 19 ارب یورو

25 اگست 2018

یورپی یونین کے رکن ملک ہالینڈ میں گزشتہ برس انیس ارب یورو مالیت کی کیمیائی منشیات تیار کی گئیں۔ یہ بات ڈچ پولیس کی طرف سے بتائی گئی۔ ہالینڈ دنیا بھر میں نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/33lQ1
تصویر: Fotolia/Franz Pfluegl

ہالینڈ کے سب سے بڑے شہر ایمسٹرڈم سے ہفتہ پچیس اگست کو موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ملکی پولیس نے آج بتایا کہ گزشتہ برس جرمنی کے ہمسایہ اس ملک میں کیمیائی طریقوں اور غیر قدرتی اجزاء سے جو منشیات تیار گئیں، ان کی کل مالیت قریب 19 ارب ڈالر رہی، جو تقریباﹰ 22 ارب امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

ہالینڈ کے وسطی شہر آپیل ڈورن میں ملکی پولیس اکیڈمی کی جاری کردہ اس سالانہ رپورٹ کے مطابق 2017ء میں پورے ملک میں انیس ارب یورو مالیت کی جو کیمیائی منشیات تیار کی گئیں، ان سے ہونے والی آمدنی میں سے ان منشیات کی پیداوار میں شامل ڈچ عناصر کا حصہ تین سے لے کر پانچ ارب یورو تک رہا۔

پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہالینڈ دنیا بھر میں ’ایکسٹسی‘ اور ’ایمفیٹامینز‘ کہلانے والی انتہائی نشہ آور گولیاں تیارکرنے والے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور ان منشیات کی بلیک مارکیٹ میں 19 ارب یورو کی سالانہ مالیت محض محتاط اندازے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان منشیات کی پیداوار کا حقیقی سالانہ حجم اور ان کی مالیت ان اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں۔

Ecstasy Pillen
ہالینڈ دنیا بھر میں نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہےتصویر: Getty Images/U.S. Customs/Newsmakers

ماہرین کے مطابق ہالینڈ میں غیر قانونی لیبارٹریوں میں تیار کی جانے والی ان منشیات کی پیداوار کے حجم کا بہت زیادہ ہونا اس امر کا بھی نتیجہ ہے کہ مغربی یورپ کے اس ملک میں ایک تو جرائم پیشہ گروہوں کے زیر استعمال آنے والا انفراسٹرکچر بہت اچھا ہے اور دوسرے یہ کہ ہالینڈ میں منشیات کے استعمال کے خلاف سرکاری پالیسی بھی روایتی طور پر بہت نرم رہی ہے۔

ڈچ پولیس کی اس رپورٹ میں اس بات پر تنقید بھی کی گئی ہے کہ ملک میں غیر قانونی منشیات کی تیاری اور منشیات کے استعمال کے خلاف مہم غیر مؤثر ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے اقدامات بھی ناکافی ہیں، جن کے خوف سے جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی کیمیائی منشیات کی تیاری سے کامیابی سے روکا جا سکے۔

اس رپورٹ کے اجراء کے بعد ملکی وزیر انصاف فرڈینانڈ گراپرہاؤس نے اس دستاویز کے مندرجات کو بہت بڑا ’دھچکا‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حکومت غیر قانونی کیمیائی منشیات کی تیاری کے خلاف جنگ کے لیے اور زیادہ مالی وسائل مہیا کرے گی تاکہ اس ’شرمناک صورت حال‘ کا تدارک کیا جا سکے۔

م م / ع س / ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید