گیمزکوم، کمپیوٹر گیمز کی سب سے بڑی عالمی نمائش
29 اگست 2009گزشتہ دنوں جرمنی میں دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹر گیمز کی نمائش منقعد ہوئی۔ شہرکولون میں گیمزکوم یا گمیز کنونشن نامی یہ نمائش 20 اگست سے شروع ہوکر23 اگست تک جاری رہی۔ دریائے رائن کےکنارے ہونے والی اس نمائش میں تیس ممالک کے 400 سے زائد نمائندے شریک تھے۔ گیمزکوم میں نئےکمپیوٹر کھیل اورمتعلقہ جدید مصنوعات متعارف کرائی گئیں۔ نمائش میں آنے والوں کے لئے انڈور کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈورتفریحات کا بھی انتظام کیا گیا تھا، جس میں موٹر سائیکل شو، اسکینٹگ اور مختلف کنسرٹ شامل تھے۔
دنیا کے اس سب سے بڑےکمپیوٹرگیمزمیلے’ گیمز کوم‘ میں اس شعبے کی تمام اہم کمپنیاں موجود تھیں۔ مائیکرو سافٹ نے xbox نامی گیم کنسلول کے ساتھ نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز سیون بھی متعارف کرایا۔
گیمزکوم میں ان نوجوانوں کے لئے بھی بہت سے اسٹالز تھے، جوگمیز کے بجائے سافٹ ویئر میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ جرمنی کی ایک گیمز اکیڈمی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ اکیڈمی2000ء سے پورے یورپ میں نوجوانوں کوکمپیوٹرگیمز بنانےکی تربیت فراہم کرنے کے لئے مشہور ہے۔ صرف گذشتہ برس ہی اس کمپنی نے اپنے 40 ارب ڈالر کے سافٹ ویئر فروخت کئے۔ ایک اندازے کے مطابق جرمنی میں ہر چوتھا شہری کمپیوٹر پرگیمز کھیلتا ہے۔ صرف سال 2009 ء کے دوران اب تک پچیس ملین یورو مالیت کے کمپیٹر گیمز فروخت کئے جا چکے ہیں۔
جرمنی میں کمپیوٹرگیمزکی صنعت امریکہ کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہے۔ عالمی اقتصادی بحران کے باوجود جرمنی میں کمپیوٹر گیمز کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ منافع بھی ہوا ہے، جو کہ حیران کن ہے۔ امریکہ، جو دنیا میں کمپیوٹر صنعت کی سب سے بڑی منڈی ہے، وہاں سافٹ اور ہارڈ ویئر کی مجموعی فروخت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں چودہ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی کمپیوٹر گمیز کی فروخت میں چھ فی صد کی کمی ہوئی ہے۔
گیمز کام میں آؤٹ ڈور تفریحات میں خاص طور پر نوجوانوں سے متعلق پروگرام ترتیب دیئے گئے تھے۔ 21 سے 23 تاریخ کے دوران نمائش گاہ کے علاوہ کولون شہر میں مختلف اسٹیجز بنائے گئے تھے اور ساتھ ہی کمپیوٹر گیمزکے مختلف مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ مشہور میوزک گروپس نے اپنی پرفارمنس پیش کی، جس میں نمائش کے شرکاء کے علاوہ ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔ کولون میں ہونے والی اس نمائش میں موجود کئی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے ابھی سے اگلے گیم کام میں شرکت کی ابھی سے حامی بھر لی ہے۔ 2010ء میں بھی کمپیوٹر گیمز کی دنیا کی سب سے بڑی یہ نمائش کولون شہر میں ہی اٹھارہ سے بائیس اگست تک منعقد ہو گی۔
رپورٹ عدنان اسحاق
ادارت گوہر گیلانی