گیری ویبر اوپن: پاک بھارت جوڑی کی کامیابی
13 جون 2011اعصام الحق اور روہن بوپنا کی اس جوڑی نے اتوار کے روز جرمنی میں منعقد ہوئے گیری ویبر اوپن میں مردوں کے ڈبلز فائنل میں ہالینڈ اور کینیڈا کے رابن ہازے اور میلوس راؤنچ کو شکست دی۔ پاکستانی ٹینس کے مایہ ناز کھلاڑی اعصام الحق نے اپنے بھارتی ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ مل کر جرمن شہر ہالے میں منعقد ہوئے گیری ویبر اوپن کے فائنل میں ہالینڈ اور کینیڈا کے ہازے اور راؤنچ کو سات چھ، چھ تین اور گیارہ نو سے شکست دی۔ ایک گھنٹے اور 19 منٹ کے سخت مقابلے کے نتیجے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاک بھارتی جوڑی نے مجموعی طور پر دوسرا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس سے پہلے جنوری 2010 ء میں اسی پاک بھارت جوڑی نے ساوٴتھ افریقن اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔
یہ دونوں کھلاڑی اب تک ATP ورلڈ ٹور ڈبلز کے کل نو فائنل میچوں میں شرکت کر چکے ہیں۔ اس مناسبت سے ناقدین کا خیال ہے کہ اعصام الحق اور بوپنا نے ایک دوسرے کے ساتھ جو ربط پیدا کیا ہے، اس کی بدولت ان کے کھیل میں نکھار دیکھا جا رہا ہے۔ ومبلڈن ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد ہوئے گیری ویبر اوپن میں اعصام الحق اور روہن بوپنا کی جوڑی کی شاندار کاکردگی کی بدولت ومبلڈن میں بھی اب ان کی کامیابی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
گیری ویبر اوپن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اعصام الحق نے پاکستان کے ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے جیتنا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ اعصام الحق نے کہا کہ روہن کے ساتھ مل کر انہوں نے جو محنت کی ہے، اس کا ان دونوں کو ثمر مل گیا ہے۔ اعصام الحق کے بقول گراس کورٹ پر کھیلتے ہوئے وہ اعتماد محسوس کرتے ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ وہ ومبلڈن ٹورنامنٹ کے دوران اپنے بھارتی ساتھی کے ساتھ مل کر عمدہ کارکردگی دکھائیں۔
دوسری طرف پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پاک بھارت جوڑی کی اس کامیابی کے بعد اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت ملک میں ہونہار کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتی رہے گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک