1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل کے اسمارٹ گلاسز، موبائل کمپيوٹنگ کا نيا دور

21 فروری 2013

انٹرنيٹ کمپنی گوگل نے ’اسمارٹ گلاس‘ متعارف کرا ديا ہے، جس کو موبائل کمپيوٹنگ ميں ايک اہم پيش رفت قرار ديا جا رہا ہے۔ اس نئی ٹيکنالوجی کے خريداروں کو ايک مقابلے کے ذريعے چنا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/17iYc
تصویر: picture alliance/ZUMA Press

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی سان فرانسسکو سے موصولہ ايک رپورٹ کے مطابق معروف انٹرنيٹ کمپنی گوگل نے اپنی نئی پراڈکٹ ’اسمارٹ گلاس‘ کو متعارف کرا ديا ہے۔ تاہم قريب ڈيڑھ ہزار امريکی ڈالر ماليت کے ان گلاسز کے خريداروں کو ايک مقابلے کے ذريعے چنا جائے گا، جس ميں ان ممکنہ خريداروں کو يہ واضح کرنا ہوگا کہ وہ ان چشموں کو کس طرح استعمال کريں گے۔

واضح رہے کہ گوگل گلاس ايک چشمہ نما پراڈکٹ ہے جس ميں اسمارٹ فونز کی خصوصيات شامل ہيں۔ ان گلاسز کو ’وائس کمانڈز‘ يا زبانی احکامات کے ذريعے چلايا جا سکتا ہے۔ اس کے ايک کنارے پر ايک چھوٹی سے اسکرين موجود ہے جو اہم معلومات بتاتی ہے۔

چشمے کی قيمت 1500 ڈالر رکھی گئی ہے
چشمے کی قيمت 1500 ڈالر رکھی گئی ہےتصویر: REUTERS/Google/Handout

بدھ کے روز گوگل کمپنی نے اعلان کيا کہ گوگل گلاس کو ان افراد کو ديا جائے گا جو تخليقی رجحان رکھتے ہيں۔ اس سلسلے ميں ايک مقابلے کا انعقاد کيا جائے گا، جس ميں شرکاء کو پچاس الفاظ پر مبنی ايک مضمون کے ذريعے يہ بتانا ہوگا کہ وہ اس ٹيکنالوجی کو کيسے استعمال ميں لائيں گے۔ مقابلے ميں حصہ لينے والے افراد اپنا اندارج گوگل کمپنی کی سماجی رابطے کی ويب سائٹ ’گوگل پلس‘ يا مائکرو بلاگنگ ويب سائٹ ٹوئٹر کے ذريعے کر سکتے ہيں۔ مقابلے ميں حصہ اگلے بدھ تک ليا جا سکتا ہے اور شرکاء کو اسی دن کے اختتام تک اپنی انٹريز جمع کرانی ہوں گی۔ تاہم گوگل انتظاميہ نے ابھی تک يہ نہيں بتايا ہے کہ وہ مقابلے کے ذريعے کتنے گوگل گلاس تقسيم کرے گی۔

مقابلے ميں جيتنے والے خوش نصيب افراد کو مارچ تک مطلع کيا جائے گا اور انہیں گلاسز خريدنے کے ليے نيو يارک، سان فرانسسکو يا لاس اينجلس جانا ہوگا۔

مقابلے ميں کاميابی حاصل کرنے والوں کو گوگل گلاس کا ’ايکسپلورر‘ نامی ورژن ديا جائے گا، جو کہ اگلے سال مارکيٹ ميں دستياب ہونے والے سے پہلے کا ورژن ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال گوگل کمپنی اپنی ايک کانفرنس ميں يہ گلاسز فروخت کر چکی ہے۔ اس وقت ايک چشمے کی قيمت 1500 ڈالر رکھی گئی تھی۔

گوگل گلاس کی خصوصيات پر مبنی ايک ويڈيو ميں لوگوں کو گھوڑا چلاتے، اسکيينگ کرتے اور متعدد ديگر کام کتے ہوئے اس پراڈکٹ کو استعمال کرتے دکھايا گيا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق گوگل گلاس پانچ مختلف رنگوں ميں دستياب ہوگا اور یہ ’ويئر ايبل ‘ نامی ٹیکنالوجی کا حصہ ہے۔

as/ai (dpa, AP)