1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گو کورونا گو‘

6 مارچ 2020

یہ کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ویتنام میں اس عنوان سے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھ دھونے کے طریقوں پر مبنی ایک گانا تیار کیا گیا ہے۔ یہ 'واشنگ ہینڈ سانگ‘ انٹرنیٹ پر وائرل ہو چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/3YxGq
Deutschland Düsseldorf Rosenmontagszug | Coronavirus Motivwagen
تصویر: Reuters/T. Schmuelgen

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس وائرس کے وبائی صورت اختیار کرنے کے خوف سے متعدد ممالک کے عوام ضروری اشیاء اور ادویات ذخیرہ کر رہے ہیں۔ کووِڈ انیس نامی بیماری سے محفوظ رہنے کے حوالے سے مختلف احتیاطی تدابیر بھی عام کی جا رہی ہیں جس میں ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے، جراثیم کش اشیاء اور ماسک کا استعمال نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔

ویتنام میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے حوالے سے آگہی فراہم کرنے کے لیے موسیقی کا استعمال کرتے ہوئے ایک گانا تیار کیا گیا ہے۔  اس گانے کے بول 'گیہں کو وی‘ یعنی 'گو کورونا گو‘ ہیں۔ ویتنامی گلوکار ایرک اور مِن کے 'واشنگ ہینڈ سانگ‘ کو یوٹیوب پر گزشتہ روز تک سینتالیس لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔

اس گانے کے بول خاک ہنگ نے لکھے ہیں اور یہ ویتنام کی وزارت صحت کے تعاون سے تیار گیا ہے تاکہ تفریح کے ساتھ ساتھ عوام کو اس وائرس کے پھیلاؤ سے محفوظ رہنے کی ضروری ہدایات بھی فراہم کی جا سکیں۔ اس گانے کی ویڈیو اینیمیشن کے ساتھ تیار کی گئی ہے، جس میں ہاتھوں کو رگڑ رگڑ کر دھونے اور کورونا کو بھگانے کے طریقے گرافکس کی شکل میں دکھائے گئے ہیں۔

ویتنامی گلوکار ایرک اس گانے کو انگریزی زبان میں ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔ ایرک کے بقول، ''انگریزی گانے کی ریکارڈنگ مکمل ہو چکی ہے، چند روز میں ویڈیو شائع کی جائے گی۔‘‘

یوٹیوب پر ایک صارف اس گانے پر کامنٹ کرتے لکھا، ''اگر کورونا وائرس یہ گانا سن لے، وہ خود ہی بھاگ جائے گا‘‘۔

ٹِک ٹاک پر اس گانے کے بول پر 'ڈانسنگ اسٹیپس‘ کا چیلنج شروع ہو گیا ہے، جس میں رقص کرتے ہوئے ہاتھ دھونے کے طریقے بتائے جا رہے ہیں۔

معروف امریکی ٹی وی پروگرام 'لاسٹ ویک ٹونائٹ‘ کے میزبان جان اولیور نے اس ویڈیو کو پروگرام میں دکھا کر اس گانے کی شہرت میں مزید اضافہ کر دیا۔

 ع آ / ع ق (نیوز ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں