1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیمسٹری کا نوبل انعام، سیل ریسیپٹرز پر تحقیق کرنے والوں کے نام

Afsar Awan11 اکتوبر 2012

اس سال کیمسٹری کا نوبل انعام امریکا سے تعلق رکھنے والے دو محققین کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہیں یہ انعام بیرونی محرکات پر خلیوں کے ردعمل کے بارے میں ان کی اُس تحقیق پر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/16Nl0
تصویر: Reuters

اسٹاک ہوم میں رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق 69 سالہ رابرٹ لیفکووِٹس اور 57 سالہ برائن کوبِلکا کو ان کے جی-پروٹین سے جڑے ریسیپٹرز کے کام کرنے کے طریقہ کار کا کھوج لگانے پر دیا جا رہا ہے۔ ریسیپٹرز کا یہ اہم گروپ ایسے عوامل کو کنٹرول کرتا ہے، جن کے نتیجے میں مثلاﹰ آنکھ روشنی سے استفادہ کرتی ہے یا اڈرینالین نامی ہارمون خلیوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اب تک ایسی متعدد ادویات تیار کی جا چکی ہیں، جن کی بنیاد ان دونوں محققین کی تحقیق پر ہے۔

برائن کوبِلکا
برائن کوبِلکاتصویر: picture-alliance/dpa

نوبل انعام کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کے مطابق: ’’تمام ادویات کا تقریباﹰ نصف انہی ریسیپٹرز کے ذریعے ہی کام کرتا ہے، جن میں بیٹا بلاکرز، اینٹی ہسٹامینز اور کئی طرح کے نفسیاتی امراض کی ادویات بھی شامل ہیں۔‘‘ ادویات ساز ادارے اور بائیو ٹیکنالوجی سے جڑی کمپیناں اب ایسے طریقہ ہائے کار جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ کیسے مذکورہ ریسپٹرز پر جنہیں GPCRs کا نام بھی دیا جاتا ہے، زیادہ بہتر انداز میں اثر انداز ہوا جا سکتا ہے۔

لیفکووِٹس نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہیں اس انعام کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے سویڈن سے فون کیا گیا تو وہ سوئے ہوئے تھے: ’’میں نے فون کی آواز نہیں سنی، لیکن پھر میں نے اپنی بیوی کے جگانے پر فون وصول کیا تو یہ خبر میرے لیے حیران کن اور ایک طرح سے ایک خوشگوار دھچکہ تھی۔‘‘

لُنڈ یونیورسٹی کے شعبہ اِن آرگینِک کیمسٹری اور نوبل انعام کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کے چیئرمین سوین لیڈین Sven Lidin نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دریافت میڈیکل ریسرچ میں ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’یہ بات جاننے سے کہ یہ ریسپٹرز دکھائی کیسے دیتے ہیں اور کام کیسے کرتے ہیں، ہمیں بہتر ادویات تیار کرنے میں مدد ملے گی، ایسی ادویات جن کے سائیڈ افیکٹس یا ضمنی منفی اثرات کم سے کم ہوں۔‘‘

رابرٹ لیفکو وِٹس اور برائن کوبِلکا کو نوبل انعام یہ انعام جاری کرنے والی شخصیت الفریڈ نوبل کے یوم وفات پر دَس دسمبر کو منعقدہ ایک تقریب میں دیا جائے گا۔ نوبل انعام کے ساتھ ان سائنسدانوں کو قریب 1.2 ملین ڈالرز کا نقد انعام بھی دیا جائے گا۔

aba/aa (Reuters) )