1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیلیفورنیا میں طوفان، تین لاکھ گھر تاریکی میں ڈوب گئے

8 جنوری 2023

امریکہ کی جنوب مغربی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور برفباری کے باعث کم از کم چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریباً تین لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں۔

https://p.dw.com/p/4LsNC
USA Wetter l Sturm in Kalifornien l Überschwemmungen l Capitola
تصویر: Justin Sullivan/Getty Images

ماہرین موسمیات نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور مزید برفباری کی وارننگ دی ہے۔ نیشنل ویدر سروس نے اگلے ہفتے کے دوران ''ماحولیاتی خرابی اور مزید شدت کی طوفانی بارش اور برف باری ‘‘ سے متنبہ کیا ہے کیونکہ کئی دنوں کی شدید بارشوں نے پہلے ہی پورے خطے میں تباہی مچا دی ہے۔

امریکہ کی اس جنوب مغربی ریاست  کی سڑکوں پر گزشتہ دنوں کی طوفانی بارش کے سبب  متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں اور کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو گیا۔ کیلیفورنیا کے مرکزی علاقے سیکرامنٹو اور اس کے آس پاس کے علاقے کے تین لاکھ سے زیادہ صارفین کی بجلی منقطع ہوگئی اور کم از کم چھ افراد لقمہ اجل بن چُکے ہیں۔

USA Wetter l Sturm in Kalifornien l Überschwemmungen
کیلیفورنیا میں چھ سے بارہ انچ مزید بارش ہونے کی توقع ہےتصویر: Carlos Barria/REUTERS

کیلیفورنیا میں موسم  کی پیش گوئی

امریکہ نیشنل ویدر سروس کے سیکرامنٹو کے دفتر نے اتوار کی صبح ٹوئیٹ کے ذریعے ایک پیغام میں بتایا کہ'' 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، ساتھ ہی بجلی کی معطلی کے ساتھ متعدد درخت اور بجلی کی لائنیں گر گئی ہیں۔‘‘ محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ پیر نو جنوری کو شدید طوفان متوقع ہے اور اس ریاست کے شمال اور وسط میں ممکنہ سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے جس دوران چھ سے بارہ انچ بارش ہونے کی توقع ہے۔ خاص طور سیکرامنٹو کے پہاڑی علاے کے دامن میں بارش کی شدت مزید مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

Sturm in Kalifornien
گاڑیوں کے حادثات مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیںتصویر: JOSH EDELSON/AFP

لاس اینجلس کی صورتحال

 لاس اینجلس کے علاقے میں ویک اینڈ پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ اب پیر کو طوفانی حالات کے ساتھ آٹھ انچ تک کی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق منگل تک ساحلی علاقے میں مغرب کی طرف سے بڑی لہریں متوقع ہیں۔

26 دسمبر سے سن فرانسسیسکو میں اب تک 10 انچ بارش ہو چُکی ہے۔ جبکہ ماموتھ ماؤنٹینز جو کہ ایک مشہور برفانی علاقہ ہے جہاں سیاح اسکیننگ کے لیے آتے ہیں، میں 10 فٹ برف باری ہو چُکی ہے۔

Sturm in Kalifornien
جگہ جگہ بجلی کے کھمبے اور پٹرول پمپ کے شلٹرز منہدم ہو گئے ہیںتصویر: JOSH EDELSON/AFP

 ریاستی موسمیاتی ماہر مائیکل اینڈرسن نے سنیچر کی رات دیر سے ایک نیوز بریفنگ  میں بتایا کہ ہفتے کے روز سے موسمیاتی حکام پیر کو متوقع طوفان  کے ساتھ ساتھ  اُس کے بعد کی طوفانی لہر پر بھی نظر رکھے ہوئے تھے۔

ک م/ ا ب ا(روئٹرز، اے ایف پی)