1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیتھولک مشائخ طلاق اور ہم جنس پرستی کے موضوعات پر متفق نہیں

عابد حسین19 اکتوبر 2014

دو ہفتوں تک جاری رہنے والی کیتھولک مسیحیوں کے سینیئر مذہبی اکابرین کا خصوصی اجلاس طلاق اور ہم جنسی پرستی کے حق میں فیصلہ نہیں دے پایا۔ اس صورت حال کو پوپ فرانسِس کے لیے دھچکا قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DYGv
تصویر: picture-alliance/dpa/Fabio Frustaci

ویٹیکن سٹی میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی کیتھولک مشائخ کی سالانہ کانفرنس (Synod) کسی بڑے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہو گئی ہے۔ اِس کانفرنس میں پوپ فرانسِس کی تمنا تھی کہ کارڈینلز طلاق اور ہم جنسی پرستی کے بارے میں قدرے نرم رویہ اپنائیں لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ کسی بھی بڑے فیصلے کے لیے کارڈینلز کی کل موجود تعداد کا دو تہائی درکار ہوتا ہے۔ ختم ہونے والے اجلاس میں دنیا بھر سے 183 کارڈینلز شریک تھے۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں یہ صورت حال پوپ فرانسِس کے لیے موافق خیال نہیں کی جا سکتی۔

ویٹیکن کے ترجمان فیڈریکو لومبارڈی نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس کے شرکاء نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے اور اُس میں لبرل اور قدامت پسند کارڈینلز کے خدشات اور تحفظات کو شامل کیا گیا ہے۔ لومبارڈی کے مطابق حتمی ووٹنگ میں طلاق اور بعد میں دوبارہ شادی کے علاوہ ہم جنس پرستی پر مبنی تین پیراگرافوں کو منظوری کے لیے دو تہائی شرکاء کی حمایت حاصل نہیں ہو سکی۔ دو ہفتوں پر محیط کیتھولک مذہبی اکابرین کی مختلف نشستوں میں قدامت پسند سینیئر بشپس اور لبرل اپروچ کے حامل رہنماؤں کے درمیان کُھلم کُھلا اختلافی دلائل کا بھی تبادلہ کیا جاتا رہا۔ اِن نزاعی معاملات کے حوالے سے پوپ کا کہنا ہے کہ چرچ میں گناہ گاروں کے لیے نرم گوشہ پیدا کرنا ضروری ہے۔

Vatikan Familiensynode Oktober 2014
کانفرنس میں دنیا بھر سے 183 کارڈینلز شریک تھےتصویر: picture-alliance/dpa/Fabio Frustaci

کیتھولک مشائخ کی اعلیٰ سطحی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ اگلے برس طلاق اور دوسری شادی کے علاوہ ہم جنس پرستی کے حوالے سے اُن کے پیش کردہ نظریات مزید افزائش پا سکیں گے اور ایسی ہی میٹنگ میں مثبت حل بھی سامنے آ سکے گا۔ پوپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ چرچ کو اِس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور باہمی اتفاق سے صورت حال کو بہتر کرنا ممکن ہے۔ اس اجلاس کی مرتب کردہ رپورٹ میں اُن تین پیراگرافس کو بھی پوپ کی ذاتی درخواست پر شائع کرنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

ایک ارب سے زائد کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے اس خصوصی اجلاس کے آغاز پر دنیا بھر سے آئے ہوئے سینیئر مذہبی رہنماؤں سے درخواست کی تھی کہ وہ غیر شادی شدہ ماؤں کے لیے رحمدل رویہ اپنائیں۔ اسی طرح پوپ نے طلاق حاصل کر کے دوسری شادی کی اجازت کو بھی پیش کیا تھا۔ شائع ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے آسٹریا کے کارڈینل کرسٹوف شُونبورن کا کہنا تھا کہ تجویز کردہ معاملات کے حوالے سے مختلف معاشروں کے بشپس کی جانب سے بہت زیادہ مخالفانہ دلائل سامنے آئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید