1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا آپ چاند کے مفت سفر پہ جانا چاہیں گے؟

3 مارچ 2021

جاپان کے ایک ارب پتی فیشن ڈزائینر نے چاند کے گرد اپنی پرواز پر اپنے ساتھ آٹھ دیگر لوگ لے جانے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3q9NE
Yusaku Maezawa
تصویر: Kyodo/MAXPPP/dpa/picture alliance

فیشن ڈزائینر یوساکو مائی زاوا سن 2023 میں اسپیس ایکس فلائیٹ پر چاند کے گرد چکر لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ "ڈیئر مون" نامی یہ خلائی مشن نجی سیکٹر میں کرہٴ ارض کے شہریوں کو اتنی دور لے جانے والا اپنی نوعیت کا پہلا مشن ہوگا۔

یوساکو مائی زاوا کے مطابق وہ اپنے ساتھ اس تاریخی سفر پر آٹھ دیگر مسافر لے جانا چاہتے ہیں۔ ان کے سفر کے اخراجات وہ خود اٹھائیں گے۔

یہ خوش قسمت افراد کون ہوں گے؟

انتخاب لیے انہوں نے دنیا بھر سے اس خلائی سفر کے خوہشمند افراد کی درخواستیں طلب کیں ہیں۔ درخواست گزاروں کے لیے دو شرائط ہیں: وہ جو بھی کام کرتے ہیں اُس میں دیگر لوگوں اور معاشرے کو فائدہ پہنچتا ہو اور اس حوالے سے وہ اپنے ساتھ جانے والے عملے کے دیگر ارکان کی مدد کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔

Mondlandung 1969
تصویر: picture-alliance/dpa/NASA/CNP

یوساکو مائی زاوا آرٹ کے بڑے شوقین اور قدردان ہیں۔ انہوں نے اس مشن کی تمام سیٹیں پہلے ہی خرید لی ہیں۔ ابتدا میں ان کی خواہش تھی کہ ایک ہفتے کے اس خلائی سفر میں وہ اپنے ساتھ آرٹسٹوں کو لے جائیں۔

لیکن پھر انہوں نے سوچا کہ اس سفر کے لیے ہر طرح کے لوگوں کو شامل ہونے کا موقع دیا جانا چاہیے کیونکہ ان کی نظر میں "اگر آپ خود کو آرٹسٹ کے طور پر دیکھتے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ آرٹسٹ ہیں۔"

چاند کے اس سفر پر جانے کے خواہشند لوگوں کی درخواستوں کی چھان بین کا پہلا مرحلہ چودہ مارچ تک جاری رہے گا۔ درخواست گزاروں کو میڈیکل ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا اور پھر انہیں یوساکو مائی زاوا کے ساتھ انٹرویو میں بیٹھنا ہوگا۔

خلائی سفر خطرات سے خالی نہیں

اس مشن کے لیے جدید طرز کی دوبارہ قابل استعمال لانچ وہیکل استعمال کی جائے گی، جسے "اسٹارشپ" کا نام دیا گیا ہے۔ اس لانچ وہیکل کے دو پروٹوٹائپ ٹیسٹنگ کے دوران دھماکوں سے پھٹ چکے ہیں۔

Elon Musk | CEO | SpaceX
تصویر: Paul Hennessy/ZUMAPRESS/picture alliance

یوساکو مائی زاوا کی عمر 45 سال ہے۔ انہوں نے سن 2019 میں اپنا مشہور آن لائن فیشن لیبل "زوزو" سافٹ بینک کو فروخت کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسپیس ایکس کے بانی ایلن مسک کے ساتھ مل کر اس تاریخی سفر کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا، "ایلن مسک کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں اور مجھے ان کی بات پر اعتبار ہے۔"

ان کے مطابق اب تک تمام تیاریاں شیڈول کے مطابق جا رہی ہیں اور اس مشن کی تاریخ میں فی الحال تاخیر کا کوئی امکان نہیں۔

ش ج، ع ح (روئٹرز)