1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولمین دنیا کا تیز ترین انسان

29 ستمبر 2019

امریکی ایتھلیٹ کرسٹیان کولمین ایک سو میٹر کی ریس جیت کر دنیا کے تیز ترین انسان بن گئے ہیں۔ کولمین جس چیمپیئن شپ میں شریک ہیں، اُس میں تاریخ ساز ایتھلیٹ یوسین بولٹ شریک نہیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/3QR28
Katar IAAF Leichtathletik WM in Doha 2019
تصویر: Getty Images/M. Hangst

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا سب سے سنسنی خیز ڈسپلن ایک سو میٹر کی ریس ہوتا ہے۔ اس مقابلے کو جیتنے والا دنیا کا تیز ترین انسان خیال کیا جاتا ہے۔ ہفتہ 28 ستمبر کی شب امریکا کے تیئیس سالہ ایتھلیٹ کرسٹیان کولمین نے طلائی تمغہ جیتنے کے لیے ایک سو میٹر کا فاصلہ تقریباً پونے دس سیکنڈ (9.76) میں طے کیا۔ یہ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں کولمین کی پہلی کامیابی ہے۔

گولڈ میڈل جیتنے والے امریکی ایتھلیٹ کے ہم وطن اور ایک سو میٹر ریس کو دو مرتبہ جیتنے والے جسٹن گاٹلِن ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب میں ہونے والے مقابلوں میں دوسری پوزیشن پر رہے۔ انہوں نے کولمین سے صفر اعشاریہ تیرہ سیکنڈ (9.89) زیادہ وقت لیا۔

تیسری پوزیشن کینیڈا کے ایتھلیٹ اندرے ڈی گاسے کو ملی۔ وہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے امریکی ایتھلیٹ سے محض صفر اعشاریہ ایک سیکنڈ پیچھے تھے۔ انہیں کانسی کا تمغہ دیا گیا۔

Ausstellung Anja Niedringhaus - Bilderkriegerin im Käthe Kollwitz Museum Köln
جمیکا کے تاریخ ساز ایتھلیٹ یوسین بولٹتصویر: Anja Niedringhaus/AP

یہ امر اہم ہے کہ یوسین بولٹ کے عدم موجودگی میں منعقد کیا جانے والا یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے۔ وہ سن 2017 میں لندن میں منعقدہ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ ریٹائرمنٹ سے قبل لندن میں اپنے آخری مقابلے میں یوسین بولٹ کانسی کا تمغہ جیت سکے تھے۔

ایتھلیٹکس کی عالمی چیمپیئن شپ میں خواتین کی دس ہزار میٹر کی ریس ہالینڈ کی سیفان حسن نے جیتی۔ لانگ جمپ کے مقابلے میں جمیکا کے ٹے جے گائل گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔ ڈیانے پرائس وہ پہلی خاتون امریکی ایتھلیٹ ہیں جو دوحہ چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت پائی ہیں۔

ایتھلیٹکس کی عالمی چیمپیئن شپ ہر دو برس بعد منعقد کی جاتی ہے۔ سترہویں چیمپیئن شپ کا میزبان شہر خلیجی ریاست قطر کا دارالحکومت دوحہ ہے۔ چیمپیئن شپ کے مختلف مقابلوں کا مقام خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہے۔ سن 2021 میں ایتھلیکٹس کی اٹھارویں عالمی چیمپیئن شپ امریکی ریاست اوریگن کے شہر یوجین میں منعقد کی جائے گی۔

ع ح / ا ب ا (ڈی پی اے)